سعود بٹ : نیب لاہور بیورو نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ اور دیگر کے خلاف انکوائری بند کردی۔
نیب لاہور نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے اور شہبازشریف کے قریبی ساتھی احد خان چیمہ کے خلاف انکوائری بند کردی ہے، نیب لاہور نے احد خان چیمہ، ندیم ضیا سمیت دیگر کے خلاف انکوائری بند کرنے کے لئے احتساب عدالت سے بھی رجوع کرلیا ہے۔
نیب ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ احد خان چیمہ سمیت دیگر کے خلاف لاہور بیورو نے انکوائری بند کردی ہے، ڈی جی نیب نے ریجنل بورڈ میٹنگ میں انکوائری بند کرنے کی منظوری دی، ایل ڈی اے سٹی نے تمام متاثرہ افراد کو پلاٹس دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح رہے کہ احد چیمہ کو 21 فروری 2018 کو نیب لاہور نے گرفتار کیا تھا، انہیں غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا، لاہور ہائیکورٹ نے احد چیمہ کی ایل ڈی اے سٹی کیس میں ضمانت منظور کر رکھی ہے۔
یاد رہے احتساب عدالت میں غیر قانونی اثاثے بنانےکےکیس کی سماعت،عدالت نے سابق وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد اور فیملی کے تین ممبران پر فرد جرم عائد کردی،سات اکتوبر کو گواہ طلب کر لیےگئے۔
احتساب عدالت کےجج محمد اکمل خان کی عدالت میں سابق وزیراعظم کےپرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد،رباب حسن،وقار حسن اورانجم حسن کےخلاف غیر قانونی اثاثے بنانے کےالزام میں ریفرنس پیش کررکھا ہے،عدالت میں نیب کی طرف سے ریفرنس تاخیرسے پیش کرنےپرفواد حسن فواد نےبری کرنے کی درخواست دائر کی تھی،عدالت میں آج فرد جرم عائد ہونے پرفواد حسن فواد نےبری کرنے کی درخواست واپس لے لی، فواد حسن فواد پر الزام تھا کہ انہوں نے دوران ملازمت فیملی کےنام پر غیر قانونی حائیداد بنائی تھی۔