نویں اور دسویں محرم الحرام مرکزی جلوس کیلئے جامع ٹریفک پلان تشکیل

نویں اور دسویں محرم الحرام مرکزی جلوس کیلئے جامع ٹریفک پلان تشکیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( فخر امام ) نویں اور دسویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس نثارحویلی تا امام بارگاہ کربلا گامے شاہ کیلئے جامع ٹریفک پلان تشکیل دیدیا گیا، ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی، جلوس برآمد ہونے پر کوئی گاڑی، موٹر سائیکل روٹ پر نہیں آنے دی جائے گی۔

نویں اور دسویں محرم لحرام کے مرکزی جلوس کیلئے جامع ٹریفک پلان تشکیل دیدیا گیا ہے۔ ٹریفک پلان کے مطابق ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 6 ڈی ایس پی، 72 انسپکٹرز، 121 پٹرولنگ افسران اور  13سو سے زائد وارڈنز تعینات ہونگے جبکہ تمام دفتری سٹاف، لیڈی وارڈنز بھی تعینات ہونگیں۔ عارضی ٹریفک کنٹرول روم بھی قائم کردئیے گئے، ٹریفک افسران ڈیوٹی کے ساتھ مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر بھی کڑی نظررکھیں گے جبکہ کالے شیشے اور نیلی بتی کا استعمال اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔

 زائرین کیلئے پارکنگ کا انتظام ناصر باغ گراؤنڈ، گورنمنٹ سنٹرل ماڈل ہائی سکول،     داتا دربار آئی ہسپتال اور اڈا کرؤن پر کیا گیا ہے۔ ریڈیو، Rasta App اور سٹی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن بھی شہریوں کی رہنمائی کرے گی۔ ٹریفک پلان کے مطابق شاہدرہ سے لوئر مال آنیوالی ٹریفک کو آزادی فلائی اوور کی جانب سے ریلوے اسٹیشن، ملتان روڈ چوبرجی سے آنیوالی ٹریفک کمشنر آفس سے بند روڈ اور فیروز پور روڈ سے آنیوالی ہیوی ٹریفک چوبرجی موڑ سمن آباد، گلشن راوی بند روڈ کی طرف روانہ ہوگی۔

بند روڈ چوک سگیاں کی جانب سے چوک کچہری کی طرف کوئی ٹریفک نہیں آنے دی جائے گی۔ اندرون سرکل روڈ کی طرف سے آنیوالی ہر قسم کی ٹریفک کو موری گیٹ سے اردو بازار چوک ٹمبر، لاکالج، کچہری روڈ اور نیلا گنبد کے راستے چلایا جائے گا۔ لاء کالج سے چوک ٹمبر اردو بازار اور مستی گیٹ شاہی قلعہ سے علی پارک کی جانب چوک ٹیکسالی تک ٹریفک بند ہوگی۔

اسی طرح چوک ضلع کچہری سے چوک اسلامیہ داتا دربار، چوک میلاد سے اندرون دہلی گیٹ جانب مسجد وزیر خان اور پانی والا تالاب تا رنگ محل ٹریفک بند رہے گی۔ اندرون سرکلر روڈ سے آنے والی تمام گاڑیوں کو چوک شاہ عالم سے جانب میو ہسپتال بھجوایا جائے گا۔ سست رفتار گاڑیاں بھی موہنی روڈ اور اردو بازار کو استعمال کریں گی۔