حافظ شہباز:پاکستان کے سابق آل راؤنڈرز اظہر محمود اور عبدالرزاق نے بڑی خواہش کا اظہار کردیا۔
ڈریم پیئر مہم میں لاکھوں شائقین نے حصہ لیا۔ اظہر محمود اورعبد الرزاق نے کرکٹ کے عالمی گرو، بے تاج بادشاہ اور کامیاب کپتان عمران خان کے ساتھ کھیلتے دیکھنے کی آرزو کی ہے۔
پی سی بی کی ڈریم پئیر مہم میں شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ سابق سٹارز بھی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ڈریم جوڑیاں بنانے میں مصروف ہیں،سابق آل راونڈرز اظہر محمود اور عبدالرزاق نے سابق کپتان عمران خان کے ساتھ ڈریم جوڑی بنانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
سابق سٹار آل راونڈر اظہر محمود نے ماضی کے کرکٹرز میں عمران خان جبکہ موجودہ کرکٹرز میں شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ باولنگ اور بابراعظم کے ساتھ بیٹنگ جوڑی بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
سابق سٹارآل راونڈر عبدالرزاق نے باولنگ میں عمران خان کو اپنا ڈریم چنا جبکہ لیجنڈ بیٹسمین جاوید میانداد کے ساتھ بیٹنگ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ پی سی بی کی ڈریم پئیر مہم میں شائقین کرکٹ ڈریم اوپننگ جوڑی کے ساتھ ساتھ ڈریم مڈل آرڈر ، ڈریم فاسٹ باولنگ اور اسپن باولنگ جوڑی کا انتخاب کر چکے ہیں۔
یاد رہے سوشل میڈیا پر متحرک 9 لاکھ کرکٹرز، مداحوں اور کرکٹ پنڈتوں نے جادوگر اسپنر اور گگلی ماسٹر مرحوم عبدالقادر اور دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کی اسپن جوڑی کو اپنی پسندیدہ جوڑی قرار دیا ہے۔مرحوم عبدالقادر اور ثقلین مشتاق نے اپنے ٹیسٹ کیرئیرز میں بالترتیب 236 اور 208 وکٹیں حاصل کی تھیں، دونوں کھلاڑیوں پر مشتمل تصوراتی جوڑی شاندار لیگ اور آف اسپن کمبی نیشن کی بنیاد پر مقبول ہوئی۔
اس دوران سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم راشد لطیف اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر کی منتخب کردہ مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق پر مشتمل جوڑی مقبولیت میں دوسرے نمبر پر رہی۔