گیس کی قلت مصنوعی ہونے کا انکشاف

 گیس کی قلت مصنوعی ہونے کا انکشاف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

گلبرگ (شاہد ندیم سپرا) موسم سرما میں مصنوعی طور پر گیس قلت پیدا کرنے کا انکشاف ہوا ہے، سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گیس چوری کی شرح کو کنٹرول کرنے کیلئے لاہورریجن میں پریشر کم کر دیا۔

ذرائع کے مطابق پریشر کے ساتھ گیس فراہمی پر بوسیدہ پائپ لائنز سے گیس لیکج کے کیسز رپورٹ ہونے لگے، گیس لیکج اور بڑے پیمانے پر گیس چوری کی وجہ سے لائن لاسز بڑھنے کے خدشات بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس چوری کی شرح بڑھنے کے خدشات پر سوئی ناردرن گیس کمپنی کے دو شعبہ جات ڈسٹری بیوشن اور یو ایف جی کے درمیان سرد جنگ جاری ہے، ڈسٹری بیوشن سسٹم کے افسر گیس پریشر کے ساتھ دینے کے حامی نظر آتے ہیں جبکہ شعبہ یوایف جی کے افسر کم پریشر رکھنے پر اصرار کرنے لگے ہیں، دو شعبہ جات کی لڑائی کی وجہ سے صارفین متاثر ہو رہے ہیں۔

 دوسری جانب  سخت سردی اور گیس کی بندش سے  پریشان شہری سڑکوں پر آگئے، مظاہرین نے سوئی گیس حکام کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت بڑھتے ہی گیس غائب ہو چکی ہے، شکایات کے باوجود شنوائی نہیں ہوئی، گیس نہ ہونے پر ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنا پڑتا ہے لیکن اس سے ان کا گھریلو بجٹ بہت متاثر ہوا ہے۔

خواتین کے مطابق ان کے لیے کھانا پکانا مشکل ہو چکا ہے، سلنڈر بھروا کر گزارا کر رہے ہیں، جس سے ماہانہ اخراجات متاثر ہوتے ہیں، سردیوں میں گیس بنیادی ضرورت ہے جس کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے حکومت کو اقدامات کرنے چاہئیں۔

Sughra Afzal

Content Writer