ہائیکورٹ بار کا ضرورت مند وکلاء کو 10 ہزار روپے دینے کا فیصلہ

ہائیکورٹ بار کا ضرورت مند وکلاء کو 10 ہزار روپے دینے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جی پی او چوک (یاور چودھری،ملک اشرف) کورونا وائرس لاک ڈاﺅن میں مشکلات کے سبب لاہورہائیکورٹ بار کا احسن اقدام، مخیر وکلاء کے تعاون سے ضرورت مند وکلاء کو فی کس 10 ہزار روپے دینے کا فیصلہ کر لیا جبکہ حکومتی امداد میں وکلاء نظرانداز کردیئے گئے۔

صدر لاہور ہائیکورٹ بار کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے، کمیٹی میں ممبران پاکستان بارکونسل احسن بھون، اعظم نذیر تارڑ و دیگر شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق رقم دینے کا فیصلہ عدالتی کام ٹھپ ہونے کی وجہ سے کیا گیا، اب تک ضرورت مند وکلاءکی پانچ سو سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، اکٹھی ہونے والی رقم ضرورت مند وکلاء میں تقسیم کی جائےگی جبکہ مزید وکلاء کی درخواستیں موصول ہورہی ہیں، درخواستوں کی تعداد بڑھنے پر رقم دس ہزار سے کم کر کے پانچ ہزار روپے کی جائے گی۔

 دریں اثناء عدالتوں میں کیسز کی بندش سے سفید پوش نوجوان وکلاء کی بڑی تعداد مشکلات کا شکار ہے، وکلاء تنظیموں نے وفاقی و صوبائی حکومت سے متاثرہ وکلاء کیلئے خصوصی مالی معاونت کے پیکیج کا مطالبہ کردیا۔

 پاکستان بار کونسل کے ممبر احسن بھون ایڈووکیٹ نے سٹی42 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمومی طور پر وکلاء کی بڑی تعداد مالی امداد نہیں لینا چاہتی لیکن موجودہ مشکل وقت میں کئی وکلاء مالی مشکلات کا شکار ہیں، حکومت وکلاء کی مالی معاونت کیلئے پیکج کا اعلان کرے۔

 پاکستان بار کونسل کے ممبر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ موجودہ مشکل وقت میں وکلاء تنظیمیں اپنی مدد آپ کے تحت متاثرہ وکلاء کی مدد کر رہی ہیں،حکومت کو بھی اپنا فرض پورا کرنا چاہئے، وکلاء کے ساتھ پیرا لیگل سٹاف بھی مشکلات کا شکار ہے.

واضح رہے کہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے، اب تک کورونا وائرس کے باعث ملک میں 52 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 3700 سے تجاوز کرگئی ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer