عثمان علیم: ضلعی انتظامیہ کا لیسکو ٹیم کے ہمراہ شہر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن، ڈیرہ ٹھٹہ چندران میں چار ٹیوب ویل، ایک مل اور 80 گھروں میں بجلی چوری کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے لیسکو کے ہمراہ شہر میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیا، آپریشن کے دوران ڈیرہ ٹھٹہ چندران، فیض پور سب ڈویژن اور بھسین کے علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں کی گئی، آپریشن میں ڈی سی آفس ٹاسک فورس، لیسکو افسران اور اسسٹنٹ کمشنر شالیمار علی اکبر نے حصہ لیا۔
کارروائی کے دوران ڈیرہ ٹھٹہ چندران میں 4 ٹیوب ویل، 1 مل اور 80 گھروں میں ڈائریکٹ لائن سے بجلی چوری کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، گاؤں بھسین کے 4 مقامات سے بھی بجلی چوری پکڑی گئی اور 4 ٹرانسفارمز کو اتار دیا گیا جب کہ افتخارعلی، سوہنا چدھڑ، عباس علی، شیر علی اور مل مالک محمد امین کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔