ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

صمصام بخاری نے وزارت اطلاعات ونشریات کا قلمدان سنبھال لیا

 صمصام بخاری نے وزارت اطلاعات ونشریات کا قلمدان سنبھال لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قذافی بٹ) گورنر پنجاب  چودھری محمد سرور  نے صمصام بخاری سے وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب کے عہدے کا حلف لےلیا۔  وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صمصام بخاری اپنے فرائض پارٹی پالیسی کے مطابق سرانجام دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے  صمصام بخاری سےوزیر اطلاعات و نشریات پنجاب کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب میں صوبائی وزیر بشارت راجہ، محسن لغاری، اسلم اقبال سمیت دیگر اراکین اسمبلی نے بھی شرکت کی۔حلف برداری کی تقریب کے بعد گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب نے نو منتخب وزیر اطلاعات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

حلف برداری کی تقریب سے پہلے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور صمصام بخاری کے درمیان ملاقات بھی ہوئی، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صمصام بخاری منجھے ہوئے پارلیمنٹرین ہیں، یہ اپنے فرائض پارٹی پالیسی کے مطابق محنت سے سرانجام دیں گے۔

 واضح رہے کہ دو روز قبل سابق وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے ہندو برادری کے خلاف متنازع بیان دیا تھا جس کی انہوں نے وضاحت بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ اپنے بیان میں پاکستان میں مقیم ہندوؤں نہیں بلکہ مودی اور بھارتی فوج کو مخاطب کیا تھا، اگر ان کے بیان سے پاکستان میں ہندوؤں کی دل آزاری ہوئی تو وہ معذرت خواہ ہیں، ان کی معافی تلافی کسی کام نہ آئی اور  گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب نے  فیاض الحسن چوہان سے استعفیٰ لے لیا ۔فیاض الحسن چوہان ماضی میں بھی متعدد بار غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے مشکل میں آتے رہے۔

Sughra Afzal

Content Writer