(عثمان الیاس) لاہور ریسٹورنٹ یونٹی ایسوسی ایشن نے ریسٹورنٹ کھولنے کو خوش آئند قرار دے دیا، ساتھ ہی حکومت سے ٹیکسوں میں ریلیف، کرایوں کی معافی اور ایس او پیز بنانے میں ایسوسی ایشن سے مشاورت کا مطالبہ کر ڈالا، چیئرمین ایسوسی ایشن عامر قریشی کہتے ہیں کہ چھوٹے ریسٹورنٹس کی بحالی کے لیے حکومت بلا سود قرضے دے۔
لاہور ریسٹورنٹ یونٹی ایسوسی ایشن کے مرکزی دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین عامر رفیق قریشی نے کہا کہ حکومت،میڈیا،چیمبرز عہدیداران اور جس جس نے اس جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیا ان کے شکر گزر ہیں۔انہوں نے کہا دوبارہ صفر سے کاروبار کرنے جارہے ہیں اور حکومت ٹیکسوں میں ریلیف دے تو ہم کسٹمرز سے ٹیکس وصول نہیں کریں گے۔
لاہور ریسٹورنٹ یونٹی ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر آپریشن سید اسد عباس ،جنرل مینجر ناصر بٹ نے حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریسٹورنٹ کے ملازمین کو دوبارہ سے نوکریوں پر بحال کیا جائے گا۔ عامرقریشی نے کہا کہ حکومت ساتھ بٹھا کر ایس او پیز بنائے، ہم عمل درآمد کرانے میں ہر حد تک جائیں گے، جس کے لیے لاہور کے تمام ٹاونز میں کمیٹیاں بنا رہے ہیں۔
واضح رہے کورونا کیسز میں نمایاں کمی کے بعد حکومت نے ملک بھر کے ریسٹورنٹس، شادی ہالز اور تھیٹر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کورونا کے حوالے سے کافی بہتری سامنے آئی ہے جبکہ ایران میں کورونا کی ایک اور لہر سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے 15 ستمبر، سیاحتی ہوٹل 8 اگست اور سٹورنٹس کو 10 اگست سے کھولنے کی اجازت ہوگی جبکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مکمل فعال کیا جارہا ہے۔