( علی رامے ) کورونا کی دوسری لہر میں اضافہ، ماسک نہ پہننے والے شہریوں کو جرمانے کی تیاریاں، شہریوں کو 100 روپے جرمانہ کرنے کے ساتھ 3 ماسک دینے کی تجویز زیرغور جبکہ عملدرآمد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی منظوری کے بعد ہوگا۔
ماسک نہ پہننے والوں کو پھر سے جرمانے ہوں گے، این سی او سی کو ماسک نہ پہننے پر سو روپے جرمانے کی نئی تجویز پیش کردی گئی۔ ماسک نہ پہننے والے شہری سے اسی وقت سو روپے لیے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ سو روپے کے بدلے تین ماسک بھی دے گی۔ ذرائع کے مطابق یہ ابھی تجویز ہے این سی اوسی کی منظوری کے بعد اس پر عملدرآمد ہوگا۔
کورونا وائرس کی شدت پھر سے بڑھ رہی ہے، چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں کورونا سے مزید 2 اموات ہوئی ہیں۔ شہر کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں 69 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے 17 سرکاری اور 16 پرائیویٹ ہسپتالوں میں آئی سی یو میں داخل ہیں۔
سرکاری ہسپتالوں میں 6 اور پرائیویٹ ہسپتال میں ایک مریض وینٹیلیٹر پر ہیں، وبا کے دوران اب تک لاہور میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 52 ہزار 869 اور 935 اموات ہوچکی ہیں۔ پنجاب بھرمیں کورونا کے 338 نئے کیسز اور 5 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
پنجاب میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 5 ہزار 535 اور اموات 2 ہزار 385 ہوگئی ہیں۔ صوبے بهر میں کورونا سے متاثرہ 97 ہزار 532 مریض اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔