(جنید ریاض) سرکاری سکولوں میں طلبا کے ب فارم کا اندراج درد سر بن گیا، ب فارم کا اندراج نہ کرانے والے طلبا کا نام سکولوں سے خارج کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں ب فارم کا اندراج نہ کرانے والے طلبا کا نام سکول سے خارج کرنے کا فیصلہ کرلیا، لاہور کے سکولوں میں 72 فیصد بچوں کے (ب) فارم کا اندراج ممکن ہوسکا ہے، ب فارم فراہم نہ کرنے والے طلبا کا نام خارج کرنے سے ضلع لاہور 100 فیصد ٹارگٹ حاصل کرلے گا، تمام بچوں کا اندراج کرنے پر ضلع لاہور رینکنگ میں پہلی تین پوزیشن حاصل کرلے گا۔
سکول ایجوکیشن کی متعدد وارننگز کے بعد لاہور کے سکولوں میں بچوں کے نام خارج کیے جانے کا امکان ہے، ایجوکیشن اتھارٹی نے سکول سربراہان کو 15 جنوری تک 100 فیصد اہداف مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے، اہداف پورے نہ ہوئے تو متعلقہ سکول سربراہان ذمہ دار ہونگے.
یاد رہے کہ ضلع قصور سو فیصد اہداف پورے کرنے میں پہلے نمبر پر ہے، آئندہ سکولوں میں اساتذہ کی تعیناتیاں، تبادلے اور بھرتی طلبا کی تعداد کے مطابق ہوگی۔
علاوہ ازیں صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے عارضی طور پر بھرتیاں کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، عارضی اساتذہ کو مستقل نہیں کیا جائے گا، بھرتیوں کیلئے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو اجازت مل گئی ہے، اساتذہ کی عارضی بھرتیوں کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب نے دی ہے۔