ویب ڈیسک: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن گزشتہ بدھ کو ماسکو میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر سیڑھیوں سے اترتے ہوئے گر گئے۔
نیو یارک پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق پیوٹن سیڑھیوں سے پھسلنے کے بعد پانچ اسٹیپس تک نیچے گرے جس کے بعد سیکیورٹی اسٹاف فوری طور پر ان کی مدد کے لیے پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کیوبا کے ہم منصب میگوئل ڈیاز کینیل سے ملاقات کے دوران روسی صدر پیوٹن کے ہاتھ لرزتے اور نیلے رنگ کے ہوتے دکھائی دیئے۔
برطانیہ میں مقیم آؤٹ لیٹ نے مزید کہا کہ روسی رہنما کو بے چینی سے اپنی ٹانگیں ہلاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔یہ واقعہ پیوٹن کی گرتی ہوئی صحت سے متعلق رپورٹوں میں اضافہ کرتا ہے۔ایک سابق برطانوی جاسوس کا کہنا ہے کہ 70 سالہ صدر ولا دیمیر پیوٹن شدید بیمار ہیں اور یہ یوکرین میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کا عنصر ہے۔
روسی صدر کے قریبی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پیوٹن خون کے کینسر کی وجہ سے بہت بیمار ہیں، یہ پہلی بار نہیں ہے کہ پیوٹن کے بیمار ہونے کی خبریں منظر عام پر آئیں۔
اس سے قبل 2014 میں بھی صدر پیوٹن کے ترجمان نے امریکی میڈیا کی ان رپورٹس کا مذاق اڑایا کہ رہنما کینسر میں مبتلا ہیں اور کہا کہ صحافیوں کو ’اپنی بکواس بند رکھنی چاہیئے‘۔
دوسری جانب پیوٹن کا کہنا ہے کہ یوکرین کے خلاف 10 ماہ قبل شروع ہونے والے روسی خصوصی فوجی آپریشن پر کوئی افسوس نہیں ہے۔