`فہد بھٹی: ہربنس پورہ میں مبینہ طور پرشہری نے فائرنگ کرکے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی کردیا۔ فائرنگ کرنے والا کون تھا؟ پولیس نے لاعلمی ظاہرکردی۔
ڈکیتی کی ناکام کوشش یا پھر کچھ اور، مبینہ ڈاکو کی ہلاکت نے کئی سوال کھڑے کر دیے۔ فائرنگ کا واقعہ ہربنس پورہ کے علاقے ریلوے پھاٹک کے قریب پیش آیا جس میں ایک نوجوان ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ پولیس کا دعوی ہے کہ ہلاک ہونے والا سمیر ڈاکو تھا جس نے اپنے ساتھی کے ہمراہ راہ گیر فیملی سے واردات کی کوشش کی جس پر موٹرسائیکل سوار کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
زخمی ہونے والے نوجوان کی شناخت عاطف کے نام سے ہوئی جس کا پولیس حراست میں لیا گیا بیان سامنے آگیا ہے۔
فائرنگ کرنے والا شہری کون تھا ؟ اس بارے میں پولیس نے لاعلمی ظاہر کردی ہے۔ جبکہ مزید حقائق کو تفتیش مکمل ہونے سے مشروط کردیا ہے۔