(حافظ شہباز علی) کورونا وائرس کے خلاف جنگ، شہر میں جاری تمام چھوٹے بڑے کلب کرکٹ ٹورنامنٹس اور لاہور ریس کلب میں ہونے والے ہفتہ وار گھڑ دوڑ مقابلے معطل کردیئےگئے۔
کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور احتیاطی تدابیر کے طور پر دیگر شعبوں کی طرح کھیل کے میدانوں میں بھی اہم فیصلوں کا سلسلہ جاری ہے، حکومتی لاک ڈاؤن کے باعث شہر میں جاری چھوٹے بڑے تمام کرکٹ ٹورنامنٹس کے میچز 16 اپریل تک ری شیڈول نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
منتظمین نے صورت حال کے پیش نظر عامر کیبلز ویٹر نزٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ، لاہور چیلنج کپ، عبدالحمید پوپا میموریل، قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ، اتفاق ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے میچز ری شیڈول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ٹورنامنٹس میں شریک ٹیموں کو فیصلے سے آگاہ کردیا گیا۔
دوسری جانب شہر کے تمام کلبز نے کھلاڑیوں کو گھروں میں ٹریننگ کرنے کا پلان دے دیاہے، تمام گراؤنڈز بھی 16 اپریل تک بند رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلہ پی سی بی کی جانب سے کرکٹ کی تمام سرگرمیاں معطل کرنے کی ہدایت کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں لاہور ریس کلب نے بھی تاحکم ثانی کوٹ لکھپت ریس کلب میں ہونے والے گھڑ دوڑ مقابلےاحتیاطی تدابیر کے طور پر ملتوی کردئیے ہیں، اس سلسلے میں لاہور ریس کلب کی طرف سےمقابلے ملتوی کرنےکا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے، کرکٹ ٹور نامنٹ آرگنائزرز اور لاہور ریس کلب انتظامیہ 16 اپریل کے بعد صورت حال کا جائزہ لے کر ان ایونٹس کو ری شیڈول کرنے کا فیصلہ کرے گی۔
واضح رہےکہ کورونا وائرس سےپاکستان میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے، کورونا وائرس اب تک پاکستان میں 42 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے، جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 2776 ہوگئی ہے، کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے ،لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 13 واں روز ہے، تجارتی مراکز، شاپنگ مالز، بازار ، دکانیں بند اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔