ویب ڈیسک: پاکستان میں پہلی بار سیریل کلر جاوید اقبال کے کردار پر بننے والی فلم کی شوٹنگ مکمل، فلم اگلے ماہ ریلیز کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق فلم کا نام جاوید اقبال، ان ٹولڈ سٹوری آف سیریل کلر ہے۔ فلم کے حوالے سے ڈائریکٹر ابوعلیحہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی معاشرے میں ہر دوسرا آدمی ذہنی و نفسیاتی مریض ہے اور ہر پانچواں آدمی انہیں لگتا ہے کہ ایک پوٹیشنل ریپسٹ یا کلر ہو سکتا ہے۔ اس بات نے مجھے فلم بنانے پر مجبور کیا تاکہ لوگوں کو شعور اور آگاہی ملے کہ ان کے اردگرد کوئی ایسا شخص موجود تو نہیں جو ان کے لیے یا بچوں کے لیے کسی قسم کا خطرہ بن سکتا ہے۔
ابو علیحہ اسی موضوع پر ایک کتاب بھی لکھ چکے ہیں، انکا کہنا ہے کہ ریسرچ کیلئے وہ لاہور گئے، جاوید اقبال کے محلے اور متعلقہ پولیس سٹیشن کو وزٹ کیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے اندر جاوید اقبال کے کیس کی پوری فائل کی فوٹوکاپی حاصل کی اور اس زمانے کے ریٹائرپولیس اہلکاروں کو انٹرویو کرکے معلومات حاصل کی ہیں۔ فلم کا مرکزی کردار منجھے ہوئے اداکار یاسر حسین نے ادا کیا ہے۔
یہ بھی لازمی پڑھیں: پاکستان میں بچوں کے خلاف سب سے بڑا جرم۔۔۔خاور نعیم ہاشمی
یادرہے لاہور کے رہائشی جاوید اقبال نے 1998 اور 1999 کے دوران تقریباً 100 بچوں کو زیادتی کرنے کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا تھا اور اعتراف جرم کر کے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔ جاوید اقبال کو ساتھیوں سمیت بعد ازاں سزائے موت سنائی گئی تاہم اس نے جیل میں خودکشی کرلی تھی۔