سٹی42: آئی سی سی ورلڈ کپ کےبنگلور میں کھیلے گئے مشکل میچ میں پاکستان کی نیوزی لینڈ سے جیت کا راز معلوم ہو گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ جب پہلی مرتبہ بارش کا امکان دکھائی دینے لگا تو ڈریسنگ روم سے پاکستانی بیٹرز کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے مطابق بارش کی صورت میں جیتنے کے لئے درکار رن ریٹ ورک آؤٹ کر کے پانی کے وقفہ کے دوران بھیجا گیا۔
واٹر بوائے اپنے ساتھ نوٹ بک لے کر گئے اور دونوں بیٹرز نے تفصیل کے ساتھ سمجھ لیا کہ انہیں بارش کی صورت مین میچ محفوظ زون میں لے جانے کے لئے فوری طور پر رن ریٹ بڑھانے کے لئے کتنے مزید رنز درکار ہیں۔
اس وقفہ کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو اگلے ہی اوور میں بیٹرز نے 21 رنز بنا ڈالے۔ اس اوور کے فوراً بعد بارش شروع ہو گئی تاہم پاکستان بارش سے پہلے والے اوور میں رن ریٹ کو جیت کے لئے درکار حد تک پہنچانے میں کامیاب ہو چکا تھا۔
پاکستان نیوزی لینڈ کے ساتھ میچ میں ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 21 رنز کی برتری سے فتحیاب قرار پایا ہے۔
میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے خود ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ دینے کا بڑا فیصلہ کیا تھا اور نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 402 رنز کا مشکل ٹارگٹ دیا تھا۔
میچ کے دوران دو مرتبہ بارش ہوئی اور دوسری مرتبہ ہونے والی بارش کے دوران ہی پاکستان کو رن ریٹ کی بنا پر فاتح قرار دے دیا گیا تھا۔
اس وقت پاکستان نے 25 اوورز اور تین گیندوں پر صرف 201 رنز بنائے تھے۔
پہلی بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو پاکستان کو وقت کم رہ جانے کے سبب 50 اوورز مین 403 رنز کی بجائے 39 اوورز میں 342 رنز بنانے کا ٹارگٹ ملا تھا۔ میچ دوبارہ شروع ہوتے ہی پاکستان کے وکٹ پر موجود دونوں بیٹرز فخر زمان اور بابر اعظم نے بالترتیب دو اور ایک چھکے مار کر جیت کیلئے امکان مزید بہتر کر لیا تھا۔