لاہور ہائی کورٹ کے کیس مینیجمنٹ سسٹم کو بہتر بنا کر جا رہے ہیں، چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کا الوداعی عشائیہ میں خطاب

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف: لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی 7 مارچ کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے سٹاف کی جانب سے ریٹائر ہونے والے چیف جسٹس اور  نامزد چیف جسٹس ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان کے اعزاز میں عشائیہ  دیا گیا۔

عشائیہ میں سات مارچ کو رخصت ہونے والے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی اور ان کی جگہ لینے والے نامزد  چیف جسٹس ملک شہزاد احمد کے ساتھ  جسٹس شاہد بلال حسن، رجسٹرار  اور لاہور ہائیکورٹ کے افسران اور سٹاف کے ارکان شریک ہوئے۔

 چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس محمد امیر بھٹی نے عشائیہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے افسران اور سٹاف محنتی اور قابل ہیں۔ہم نے لاہور ہائیکورٹ کے سٹاف ممبران اور افسران کے سروس سٹرکچر کو بہتر بنایا ہے۔ رخصت ہونے والے چیف جسٹس مسٹر جسٹس محمد امیر بھٹی نے امید ظاہر کی کہ لاہور ہائیکورٹ کے افسران آئندہ بھی محنت، لگن اور ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے اور  آنے والے چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی رہنمائی میں عدلیہ کی عزت و وقار میں اضافہ ہوگا۔

چیف جسٹس  محمد امیر بھٹی نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے کیس مینجمنٹ سسٹم کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔کیس مینجمنٹ سسٹم کا خواب سابق چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے دیکھا تھا۔ ہائیکورٹ افسران اور سٹاف کی کاوشوں سے آج وہ خواب شرمندہ تعبیر ہورہا ہے۔