سٹی 42: لاہور کی شاہراہوں پر شہریوں کا سفر غیر محفوظ ہو گیا۔ شہر میں ہر نئے دن کے ساتھ ٹریفک حادثات میں کئی گنا اضافہ ہونے لگا۔ سروے کے مطابق روزانہ اوسط 25 افراد حادثات کا شکار ہونے لگے۔
لاہور میں ٹریفک حادثات میں کئی گنا اضافہ ہونے لگا۔ جہاں لاہور کی اہم شاہراہیں دن بھر مصروف رہتی ہیں وہاں ان اہم شاہراہوں پر ٹریفک حادثات معمول بن گئے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق پچھلے 3 ماہ میں لاہور میں ساڑھے 22 ہزار حادثات ہوئے جس کے نتیجے میں 46 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اس کے علاوہ ان ٹریفک حادثات میں 20 ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ 4 ہزار سے زائد خواتین بھی ان ٹریفک حادثات کی زد میں زخمی ہوئیں۔
لاہور میں ان ٹریفک حادثات کی زیادہ تر وجہ اوور سپیڈ ہے۔ زیادہ تر موٹرسائکل سوار افراد ان حادثات کا شکار ہوئے۔ ان حادثات کی ایک بڑی وجہ ہیوی ٹریفک بھی ہے۔ دن کے وقت عام طور پر شاہراہوں پر زیادہ رش دیکھا جاتا ہے اس لیئے دن کے وقت ہیوی ٹریفک کا شاہراہوں پر آنا حادثے کا سبب بن سکتا ہے جو شہریوں کے لیئے غیر محفوظ ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈمپر ، بسوں کے 750 سے زائد حادثات ہوئے جو 35 افراد کی موت کا سبب بنے۔