عمران یونس: سکول کھولنے کے حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم نے اہم اعلان کردیا، ڈاکٹر مراد راس کا کہنا ہے کہ اگر حالات بہتر ہوئے تو پندرہ اگست سے صوبہ بھر کے سکول کھول دیں گے اور مرحلہ وار کلاسز لگانے کی اجازت ہوگی۔
صوبائی وزیر برائے سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس کا کہنا ہے کہ اگر حالات بہتر ہوئے تو پندرہ اگست سے لاہور سمیت صوبہ بھر کے سکول کھول دیئے جائیں گے، لیکن سکولوں کو ایک دم ساری کلاسز لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، پہلے مرحلے میں ضروری کلاسز لگانے کی اجازت دیں گے اور ایک وقت ایک کلاس میں بیس بچوں کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی، اس سے زائد بچوں کو کلاس میں بٹھانے کی سختی سے ممانعت ہوگی۔
ڈاکٹر مراس راس نے کہا کہ کورونا وائرس مرض میں مبتلا مریضوں کی شرح اوپر نیچے ہو رہی ہے ایسی صورتحال میں حکومت بچوں کی صحت اور زندگی کا رسک نہیں لے سکتی لہذا پندرہ جولائی سے سکول کھولنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ایل جی ایس معاملے پر اظہار خیال کرتے مراس راس کا کہنا تھا کہ معاملے پر متاثر طالبات اور والدین سے پیر کو ملاقات ہے، امید ہے پیر کو طالبات کی جانب سے تحریری درخواستیں آجائیں گی۔
دوسری جانب کورونا کی وجہ سے بند ہونے والی سرکاری جامعات کو کھولنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، اس حوالے سے پنجاب حکومت نے یونیورسٹیز کو مشروط کھولنے کی سفارشات تیار کر لیں۔ یونیورسٹیز کو کھولنے کے لئے جامعات کے وائس چانسلرز سے پہلے مشاورت کی گئی جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ اگست کے پہلے ہفتے سے یونیورسٹیز مرحلہ وار کھولی جائیں گی، پہلے مرحلے میں فائنل سمسٹرز کی کلاسز منعقد کی جائیں گی۔
بی ایس، ماسٹرز، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے فائنل سمسٹرز کے طلباء کو اجازت دی جائے گی اور دوسرے مرحلے میں باقی طلباء کو بھی اجازت دی جائے گی۔