(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی وڈ کی مشہور کوریوگرافر سروج خان حرکتِ قلب بند ہونے کی وجہ سے ممبئی کے مقامی ہسپتال میں انتقال کرگئیں، ڈانس ڈائریکٹر کی حیثیت سے انہوں نے تقریباً 40 سال تک بالی وڈ فلم نگری پر حکمرانی کی اور بھارت میں ''مادرِ رقص'' (مدر آف کوریوگرافی) کا خطاب بھی اپنے نام کیا۔
سروج خان کا اصل نام نرملا ناگپال تھا اور وہ 1948 میں بمبئی (موجودہ ممبئی) میں پیدا ہوئی، انہوں نے صرف تین سال کی عمر سے فلموں میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام شروع کردیا تھا جبکہ نوعمری میں بیک گراؤنڈ ڈانسر کے طور پر بھی دکھائی دیں تاہم جلد ہی انہوں نے ڈانس ڈائریکشن اور کوریوگرافی کو اپنا کیریئر بنا لیا اور 2000 سے زائد بالی و ڈ اور تامل فلموں میں کوریوگرافی/ ڈانس ڈائریکشن کی جو بجائے خود ایک ریکارڈ ہے۔
ان کی کوریوگراف کی ہوئی فلموں میں ہیرو، مسٹر انڈیا، تیزاب، چاندنی، سیلاب، ڈر، آئینہ، بازی گر، مہرہ، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، ہم دل دے چکے صنم، تال، لگان، دیوداس، منگل پانڈے، فنا، جب وی میٹ، دلی 6، اے بی سی ڈی اور گلاب گینگ جیسی سپر ہٹ فلمیں شامل ہیں، شاہ رخ خان اور عامر خان کے علاوہ انہوں نے مادھوری ڈکشت اور سری دیوی جیسی بڑی اداکاراؤں کو بھی کوریوگراف کیا۔
خبروں کے مطابق وہ پچھلے کئی مہینوں سے دل کی تکلیف میں مبتلا تھیں اور ممبئی کے ایک مقامی ہسپتال میں داخل تھیں، ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔
سروج خان کے بھانجے منیش جاگوانی نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ علی الصبح اچانک دل کی دھڑکن بند ہوجانے سے ان کا انتقال ہوا، سروج خان کی موت پر بالی وڈ کے تمام بڑے اداکاروں اور کوریوگرافرز نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور اسے انڈین فلم انڈسٹری کیلئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔