(زاہد چودھری) تبدیلی سرکار کا ایک اور کارنامہ، جنوبی پنجاب کے عوام سے گھر کی دہلیز پر طبی سہولتیں چھین لیں، موبائل ہیلتھ یونٹس واپس منگوا کر بڑے شہروں کے ٹیچنگ ہسپتالوں کو سونپ دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سابقہ حکومت کی جانب سے جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں میں عوام کو گھر کی دہلیز پر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے موبائل ہیلتھ یونٹس کا منصوبہ شروع کیا گیا جو کامیابی سے جاری تھا۔ تاہم موجودہ حکومت نے جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں میں طبی سہولتوں کی فراہمی پر مامور موبائل ہیلتھ یونٹس واپس منگوا لئے ہیں۔
محکمہ پرائمری ہیلتھ نے موبائل ہیلتھ یونٹس کو واپس منگوا کر بڑے شہروں میں ٹیچنگ ہسپتالوں کے سپرد کر دیا ہے، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کو دو، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی، نشتر میڈیکل یونیورسٹی اور فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کو ایک ایک موبائل ہیلتھ یونٹ دیا گیا۔ موبائل ہیلتھ یونٹس واپس منگوائے جانے سے جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں کے شہری اپنے گھر کی دہلیز پر طبی سہولتوں کی فراہمی سے محروم ہوگئے ہیں۔