الیکشن ڈیوٹی کیلئے جانے والی پولیس بس کو خوفناک حادثہ، 28 افراد زخمی

الیکشن ڈیوٹی کیلئے جانے والی پولیس بس کو خوفناک حادثہ، 28 افراد زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عامر شہزاد : خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں گیس سیلنڈر وں سے بھرے ہوئے ٹرک اورپولیس اہلکاروں کو الیکشن ڈیوٹی کے لئے لے جانے والی بس کے مابین خوفناک تصادم ہو گیا، جس کے نتیجے میں 28 افراد زخمی ہوگئے۔ 

ریسکیو  1122 اہلکاروں کے مطابق باباجی کنڈاؤ میں گیس سیلنڈروں سے بھرے ہوئے ٹرک اور پولیس اہلکاروں کو لے جانے والی بس میں خطرناک تصادم ہوا، حادثےکے نتیجے میں بس میں سوار 28 افراد زخمی ہوگئے۔ کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو ایمبولنسز  اور میڈیکل ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ ہو گئیں، زخمیوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث ریسکیو 1122 کی 06 ایمبولینسںیں جائے حادثہ پر بھیجی  گئیں۔

ریسکیو1122 نے زخمی ہونے والوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈگر منتقل کر دیا۔ زخمی ہونے والوں میں متعدد اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔

زخمی اہلکاروں میں سے 6 شدید زخمیوں کو مزید علاج معالجے کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈگر سے ڈسٹرکٹ سنٹرل ہسپتال سوات اور  1 زخمی کو ایم ایم سی ہسپتال مردان منتقل کردیا۔ 

حکام کے مطابق بس میں پولیس اہلکاروں کو الیکشن ڈیوٹی کےلیے لے جایا جا رہا تھا۔ تمام زیر تربیت پولیس اہلکار ڈی آئی خان جارہے تھے، زخمیوں میں سوات بونیر دیر سے تعلق رکھنے والے اہلکار شامل ہیں۔