شہزاد خان: این اے 124 ضمنی الیکشن کی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں، لیگی امیدوار شاہد خاقان عباسی انتخابی مہم کے سلسلہ میں لوہا مارکیٹ مصری شاہ پہنچ گئے، صدر عامر صدیق، میاں عثمان سمیت تاجران نے پرتپاک استقبال کیا، شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں ایک ہی ماہ میں انصافی حکومت ناکام ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لوہا مارکیٹ مصری شاہ میں آمد کے موقع پر ایم پی اے میاں مجتبی شجاع الرحمن، لیگی رہنما سید توصیف شاہ بھی لیگی امیدوار شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ تھے۔ تاجروں اور علاقہ معززین سے اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایک ماہ میں ہی تبدیلی کی حکومت بےنقاب ہوگئی ہے، عوام مہنگائی سے بلبلا اٹھی ہے اور وفاقی صوبائی حکومت کی کارکردگی صفر ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ این اے 124 کا الیکشن جیت کر ثابت کردیں گے کہ عوام آج بھی میاں نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے، این اے 124 کے لیگی امیدوار شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جھرلو حکومت کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ یہ کیسے بنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ این اے 129 کے الیکشن کی گہما گہمی دیکھ کر اندازہ ہوا ہے کہ لاہور کے شہری جنون کی حد تک میان نواز شریف سے محبت کرتے ہیں۔