سٹی42: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو سندھ سے 2 سینیٹرز کی پیش کش ہوئی مگر انہوں نے پیشکش ٹھکراتے ہوئے قومی مفاد کو ترجیح دی۔ تحریک انصاف کے اتحادیوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ، سینیٹ الیکشن میں جیت حق اور جمہوریت کی ہی ہوگی کیونکہ خریداروں اور منڈیاں لگانے والے عوام کی نگاہوں سے پوشیدہ نہیں۔ گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف ووٹ کا تقدس برقرار رکھنے والے ہیں تو دوسری جانب ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ لگانے والے نوٹ کو عزت دینے کے لیے بےتاب ہیں۔
دوسری جانب شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آج جمہوریت کا دن ہے ، ہمیں الیکشن اصلاحات کی طرف جانا چاہیے تاکہ جمہوریت اور مضبوط ہو۔ جمہوریت کی توانائی کے لیے الیکشن میں جو رکاوٹیں ہیں سب کو مل بیٹھ کر دور کرنے چاہیئیں۔انہوں نے کہا کہ جب انتخابات نزدیک ہوتے ہیں تو لوگوں کے مسائل زندہ ہو جاتے ہیں اور یہ اچھا ہوتا ہے کیونکہ لوگوں کے مسائل حل ہو جاتے ہیں۔