(ؐانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے پنجاب اسمبلی کی 5 مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آرٹیکل 224 (6) کے خلاف ہے،اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کی ترجیحاتی لسٹ پر نوٹی فکیشن ہونا چاہیے۔ہم الیکشن کمیشن پر پہلے ہی اپنے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت پانچ رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سنایا، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے وکلا کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کی پانچ مخصوص نشستوں پر ارکان نوٹی فائی کرنےکی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کی جبکہ مسلم لیگ ن کی پارٹی نشستوں کے مطابق مخصوص نشستیں تقسیم کرنےکی درخواست بھی مستردکی گئی۔
فیصلےکے مطابق مخصوص نشستوں پر ضمنی الیکشن تک نوٹیفکیشن روک دیا گیا ہے، پانچ مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن ضمنی الیکشن کےنتائج کے بعدجاری کیا جائےگا۔
خیال رہےکہ پنجاب اسمبلی کے25 منحرف اراکین اسمبلی کو الیکشن کمیشن نے ڈی نوٹیفائی کیا تھا، ان میں 5 مخصوص نشستوں کے اراکین بھی شامل تھے، جن میں 3 خواتین اور 2 اقلیتوں کی نشستیں شامل ہیں۔