( سعید احمد سعید ) لاہور سے سیالکوٹ جانے والی ٹرین علامہ اقبال ایکسپریس میں وزیرآباد کے مقام پر آگ لگ گئی، ریسکیو کی جانب سے ایک گھنٹہ پنتالیس منٹ بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، دو بوگیاں جل کر خاکستر، خوش قسمتی سے کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا۔
کراچی سے لاہور آ کر سیالکوٹ جانے والی ٹرین علامہ اقبال ایکسپریس 9 اپ کی دو بوگیوں میں وزیر آباد کے مقام پر آگ لگ گئی۔ آگ وزیرآباد کے قریب خالی ریک میں لگی۔
ذرائع کے مطابق خالی ٹرین وزیر آباد واشنگ لائن جا رہی تھی، کہ چلتی ٹرین کی دو بوگیوں میں اچانک آگ لگی، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے کے لیے پہنچ گئیں۔
ترجمان ریلوے کے مطابق علامہ اقبال ایکسپریس میں لگی آگ پر 8بجکر پنتالیس منٹ پر قابو پا لیا گیا، ریک خالی تھا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب وزیر ریلوے شیخ رشید نے ٹرین آتشزدگی واقع کا نوٹس لے لیا۔ جس پر چیئرمین ریلوے حبیب الرحمن گیلانی کی ہدایت پر تحقیقات کے لئے تین ڈپٹی پرنسپل افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی۔
کمیٹی میں ڈپٹی مکینیکل انجینئر کیرج کاشف فاروق، ڈپٹی مکینیکل انجینئر کوچنگ کامران سعید اور ڈپٹی الیکٹریکل انجینئر محمد فاروق شامل اور شواہد اکھٹے کرنے کے لیے ڈپٹی ڈی ایس ریلوے لاہور کاشف یوسفیانی کی سربراہی میں لاہور ڈویژنل ٹیم بھی جائے وقوعہ پر روانہ ہو گئی۔