کوئنز روڈ (شاہد سپرا) لوڈشیڈنگ اور مہنگی بجلی سے پریشان عوام ہوجائیں تیار، نیپرا نے وفاقی حکومت کو بجلی کا ٹیرف 2 روپے 97 پیسے فی یونٹ بڑھانے کی اجازت دیدی، شہریوں نے بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
دستاویزات کے مطابق رواں سال اکتوبر سے بجلی ایک روپے 72 پیسے مہنگی کرنے کی حکومتی نظر ثانی درخواستیں منظوری دی گئی، جبکہ کمرشل، زرعی صارفین پر ایک روپے25 پیسے سرچارج لگانے کی بھی اجازت دیدی گئی لیکن گھریلو صارفین نئے سرچارج سے مستثنیٰ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے بجلی مختلف سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا، پہلی، دوسری سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس میں بجلی نوے پیسے مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، شہریوں نے بجلی کی قیمتوں پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کی ہے، بجلی صارفین سے اضافی وصولیاں ایک سال کیلئے کی جائیں گی۔ جس کی وجہ سے صارفین پر بجلی کی قیمتوں کا اضافی بوجھ آٹھ سے گیارہ پیسے فی یونٹ بنے گا۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے لیسکو کو پانچ سو میگاواٹ اضافی بجلی دیدی جس کی وجہ سے سسٹم میں ٹرپنگ اور اوورلوڈنگ کے معاملات میں بہتری آئی ہے، لیسکو نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی بجائے شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ شروع کر دی ،اب لائن لاسز کی بنیاد پر کیٹیگری فور اور فائیو کے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ ہوگی۔