اکمل سومرو: پنجاب ایگزامینیشن کی امتحانی ڈیٹ شیٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب کی تصویر لگا دی گئی، ڈیٹ شیٹ پر پنجاب حکومت کا سیاسی نعرہ پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب بھی لکھ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق: پنجاب ایگزامینیشن کمیشن نے5ویں اور8ویں جماعت کی ڈیٹ شیٹ جاری کر دی ہے۔ کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی ڈیٹ شیٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی تصویر بھی لگائی گئی ہے، یہ پہلی بار ہوا کہ امتحانی ڈیٹ شیٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب کی تصویر لگائی گئی ہو جبکہ اس ڈیٹ شیٹ پر تصویر کے ساتھ پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب کا نعرہ بھی لکھا گیا ہے۔
دوسری جانب پانچویں اورآٹھویں جماعت کی ڈیٹ شیٹ پر شہباز شریف کی تصویر لگانے پر تعلیمی حلقوں کی جانب سے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ذاتی تشہیر قرار دیا گیا ہے۔
اس ڈیٹ شیٹ میں پنجاب ایگزامینیشن کمیشن نے اُمیدواروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ امتحانی مرکز میں10منٹ وقت سے پہلے پہنچیں، امتحان کا آغاز صبح11 بجے ہوگا۔ طلباء پر پاپندی عائد کی گئی کہ وہ یونیفارم پہن کر اور اپنے سکول کا بیج لگا کر امتحان میں شرکت نہیں کر سکتے، جبکہ پرچہ حل کرنے کے لیے کیلکولیٹرز کے استعمال پر بھی پاپندی عائد کر دی گئی ہے۔
کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات کے مطابق اسلامیات میں تحریری اور ناظرہ کا امتحان الگ الگ پاس ہونا ضروری ہے۔