علی اکبر : سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے شکار افراد کو بچانے اور خدانخواستہ ان کے انتقال کی صورت میں ان کی تدفین کیلئے ریسکیو 1122 نہایت شاندار خدمات انجام دے رہا ہے جبکہ ایکسپو سنٹر میں قرنطینہ کا انتظام کرنے کے حوالے سے بھی ان کی خدمات کی تعریف ضروری ہے۔
ق لیگ کے رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں ریسکیو 1122 کے اہلکار ’کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے‘ کی عملی مثال پیش کر رہے ہیں۔میں ان کی کارکردگی کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکتا جو اپنی جان خطرہ میں ڈال کر نہایت منظم اور مربوط طریقہ سے مریضوں کی ہسپتال اور قرنطینہ مراکز منتقلی کے علاوہ تدفین کا نیک کام کر رہے ہیں اور تدفین سے قبل میت کو مکمل طور پر تیار کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج، رینجرز، ڈاکٹرز، پولیس و دیگر ادارے بھی اپنا فریضہ احسن طور پر انجام دے رہے ہیں لیکن ریسکیو اہلکار دن رات جس طرح عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اس کا اعتراف بھی ضروری ہے اور پوری قوم ان کے اس جذبہ اور خدمت کو سلام پیش کرتی ہے۔ یہ ایک ایسا ادارہ ہے جو انفرادی اور اجتماعی مشکل کی ہر گھڑی میں مصیبت زدہ کے ساتھ کھڑا نظر آتا ہے اور اپنی جان کی پروا کیے بغیر ان کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی خطرہ کو خاطر میں نہیں لاتا اور ہر مشکل وقت میں صرف ایک کال پر عوام کی خدمت کیلئے فوری طور پر موقع پر پہنچ جاتا ہے۔
یاد رہے دنیا بھر میں تباہی مچانے والا خطرناک کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے، ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 2450 ہوگئی ہے جبکہ اس خطرناک بیماری سے 36 افراد جاں بحق اور 126 صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ادھر ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہور میں آج کورونا کے مزید 5 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد لاہور میں متاثرہ افراد کی تعداد 204 ہوگئی، لاہور میں مہلک وائرس 5 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے، پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جہاں کورونا مریضوں کی تعداد 928 تک جا پہنچی جبکہ 11 اموات ہوئی ہیں۔