’میری التجا ہے خدا سے دعا ہے دو دل جدا نہ کرے‘پاپ کوئین کی آج 53 ویں سالگرہ

’میری التجا ہے خدا سے دعا ہے دو دل جدا نہ کرے‘پاپ کوئین کی آج 53 ویں سالگرہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 سٹی 42 : ’پاپ کوئین‘ کے نام سے مشہور پاکستان کی معروف و خوبرو گلوکارہ نازیہ حسن آج 53 برس کی ہوتیں، لیکن ان کی زندگی نے وفا نہ کی اور وہ نوجوانی میں ہی خالق حقیقی سے جاملیں،ان کی یادیں آج بھی چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خوبصورت اور دلفریب آواز رکھنے والی نازیہ حسن 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔انہوں نے امریکن انٹرنیشنل یونیورسٹی اور لندن یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔ قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ وہ اقوام متحدہ کی ثقافتی سفیر کے طور بھی خدمات انجام دیتی رہیں۔ گلوکاری کا آغاز 10 سال کی عمر میں کیا جس کے بعد گائیکی کی دنیا میں اپنا نام روشن کرتی چلی گئیں۔

یہ بھی ضرور پڑھیں:خلجی، پدماوتی کا دل جیتنے میں کامیاب، شادی کی تیاریاں 

 نازیہ حسن نے پاپ گلوکاری کے اس سفر میں نہ صرف پاکستان میں نام بنایا بلکہ بھارت سمیت دنیا بھر میں خوب پزیرائی حاصل کی۔آج کل کے گلوکار بھی نازیہ کے گانوں کے ریمکس بنا کر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

پاپ کوئن کے یادگار گیتوں میں 'دوستی' 'ڈسکو دیوانے' 'کریے پیار دیاں گلاں' 'دل کی لگی' 'آپ جیسا کوئی' اور دیگر شامل ہیں جو آج بھی کانوں میں رَس گھولتے ہیں۔انہوں نے متعدد قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔

یہ بھی ضرور پڑھیں:عارفہ صدیقی نےنوجوان گلوکار تعبیر علی سے شادی کرلی 

 واضح رہے کہ نازیہ حسن پاکستان کی وہ پہلی پاپ گلوکارہ ہیں جنہوں نے 15 سال کی عمر میں فلم فیئر ایوارڈز کا اعزاز اپنے نام کیا۔ان کا گایا ہوا گیت ’آپ جیسا کوئی‘ بالی وڈ فلم ’قربانی‘ میں اداکارہ زینت امان پر فلمایا گیا جس کے مداح آج بھی دیوانے ہیں۔

30 مارچ 1995 کو نازیہ حسن کی شادی بزنس مین مرزا اشتیاق بیگ سے ہوئی لیکن یہ شادی چل نہ سکی اور نازیہ کے دنیا سے رخصت ہونے سے 10 دن قبل دونوں میں طلاق ہوگئی۔پاپ کوئین نازیہ حسن 13 اگست 2000 کو محض 35 سال کی عمر میں پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث دنیا سے رخصت ہوگئیں۔

اگرچہ نازیہ حسن اس دنیا میں نہیں ہیں لیکن آج بھی اپنی دلفریب گیتوں کی وجہ سے مداحوں کے دل میں زندہ ہیں۔ نازیہ حسن کی آج 53 ویں سالگرہ ہے۔اس موقع پر گوگل بھی انہیں خراج عقیدت پیش کرنے میں پیچھے نہیں رہا اور آج کا ڈوڈل گلوگارہ سے منسوب کردیا۔