(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف آج گجرات میں پاور شو کررہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ظہور الٰہی سٹیڈیم گجرات پہنچ گئے ۔ پی ٹی آئی کے شائقین پر جوش انداز میں دکھائی دے رہے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا آج کے جلسے نے گجرات میں جلسوں کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے،مجھے معلوم ہے کہ ڈیزل کی قیمتیں کہاں سے کہاں چلی گئیں،ہماری حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا تو پیٹرول 150 روپے اور ڈیزل 145 روپے تھا،جب ڈیزل مہنگا ہوتا ہے تو سب کچھ مہنگا ہو جاتا ہے،میں قوم کو جگانے کی کوشش کر رہا ہوں،قوم میں شعور آ چکا ہے اس کے بعد انقلاب آئے گا۔ امپورٹڈ حکومت مہنگائی کم کرنے کیلئے نہیں آئی ، یہ اپنے کرپشن کے کیسز ختم کرنے آئے ہیں،انہوں نے پٹرول 80 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 100 روپے اضافہ کردیا، ان سے پوچھو تو کہتے ہیں قیمتیں اس لئے بڑھائیں کیونکہ آئی ایم ایف کا حکم تھا۔
عمران خان نے کہاکہ قوم کو حقیقی آزادی کیلئے جگانے کی کوشش کررہا ہوں اللہ کا شکر ادا کرتاہوں قوم کو جگا دیاہے،قوموں میں شعور آتا ہے تو پھر انقلاب آتا ہے،انقلاب حقیقی آزادی کیلئے لانا چاہتے ہیں، چاہتاہوں جب پاکستان بیرون ملک جائے تو ہرے پاسپورٹ کی دنیا عزت کرے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانو! بڑے خواب اور بڑی سوچ رکھو، وہ وقت آئے گا کہ دنیا کہے گی کہ وہ دیکھو پاکستانی آ رہا ہے، اللہ نے ہمارے ملک کو 12 موسم دیئے ہیں ہر فصل پیدا کر سکتے ہیں، اللہ نے پاکستانی قوم کو بہت ٹیلنٹ دیاہے ، باہر جاتے ہیں تو بڑا نام کماتے ہیں ۔
عمران خان نے کہاکہ غلام اوپر نہیں جا سکتے، غلام بس اچھے غلام بن سکتے ہیں، قائداعظمؒ ایک غلام ہندوستان میں ایک آزاد لیڈر تھے، انگریز بھی قائداعظمؒ کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے تھے،ان کاکہناتھا کہ جتنا مرضی پیسہ کما لیں عزت اس وقت ملے گی جب اپنی عزت خود کرینگے، وہ قومیں جو اپنے لوگوںکی عزت نہیں کرتی اس قوم کو کوئی عزت نہیں کرتا۔
پاکستان کے نوجوانو! ہم نے سب سے پہلے اپنی قوم کو حقیقی آزاد کرناہے، ہم نے لوگوں کو حقیقی آزادی کیلئے حقوق اور انصاف دینا ہے، ہمارے ہرے پاسپورٹ کی عزت اس لئے نہیں ہوتی کیونکہ ہم اپنی عزت نہیں کرتے، ہمارے ہرے پاسپورٹ کی عزت نہیں ہوتی کیونکہ چیری بلاسم وزیراعظم ہے۔ہمارے ملک کا سربراہ کہتا ہے میں پیسے مانگنے دوسرے ملک گیا تو کون عزت کریگا، پاکستان عظیم لوگوں کا ملک ہے، کسی سے بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں خوددار آدمی بھوکا مر جاتا ہے لیکن کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتا،پاکستانی قوم عظیم ہے کسی سے بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں ۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ پاکستان کے نوجوانو!ہم نے حقیقی آزادی کی تحریک چلانی ہے،حقیقی آزادی کیلئے ہمیں سب سے پہلے انصاف کا نظام درست کرنا ہے، حقیقی آزادی میں ہم نے کمزوروں کو تحفظ دیناہے، پاکستان میں تھری سٹوجز کو مسلط کیاگیا کیونکہ یہ جوتے پالش کرتے ہیں، عمران خان ان کو اس لئے منظور نہیں تھا کیونکہ وہ کہتا ہے ایبسلوٹلی ناٹ، عمران اس لئے منظور نہیں تھا کیونکہ وہ ایک آزاد خارجہ پالیسی بنانا چاہتا تھا، روس مجھے 40 فیصد کم قیمت پر تیل دے تو میں کیوں نہ خریدوں، بھارت 40فیصد کم قیمت پر روس سے تیل خرید سکتا ہے تو ہم کیوں نہیں۔
عمران خان نے کہاکہ ہمیشہ عدلیہ کو مضبوط کرنے کی کوشش کی اور ان کیلئے تحریک چلائی، آج ن لیگ عدلیہ کوکہتی ہے عمران خان کیخلاف ایکشن لو، شرم کرون لیگ تمہارے نوازشریف نے سپریم کورٹ پر ڈنڈوں سے حملہ کیاتھا، رشوت دے کر، بریف کیس چلا کر ایک چیف جسٹس کو نوازشریف نے ہٹایا تھا، جسٹس قیوم کو فون کرکے کہتے تھے بے نظیر کو 3 سال نہیں 5 سال کی سزادو، عمران خان نے کبھی ایسے کام نہیں کئے اور نہ کرے گا،ہماری حکومت میں ایک میڈیا ہاﺅس صبح شام کہتا تھا مہنگائی ہے اور آج خاموش ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ یہ روز کہتے تھے کہ عمران خان نے پاکستان کو آئی ایم ایف کو بیچ دیا، شوکت ترین نے کہاسیلاب آگیا ہے صوبے کیسے پیسے اکٹھے کرکے وفاق کو دیں گے، ن لیگ نے کہاان کے اوپر توہین آئی ایم ایف لگانی چاہئے، انہوںنے شوکت ترین کو غدار بنا دیا، اب جب اقتدار میں ہیں تو آئی ایم ایف اچھا ہو گیا، ایسے ہوتے ہیں منافق۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ حلیم عادل شیخ ایک کیس سے نکلتا ہے تو دوسرے کیس میں ڈال دیتے ہیں، ہمارے سندھ کے اپوزیشن لیڈر پر 27 ایف آئی آرز کاٹ رکھی ہیں ، اگر آپ اسی طرح کرتے رہے تو ہماری انصاف کی تحریک اسلام آباد آئے گی،اسلام آباد آئے تو آپ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،انہوں نے میرے خلاف دہشتگردی کی دفعہ لگا دی، جتنی مرضی ایف آئی آرز کاٹ لیں ہمیں دبا نہیں سکتے، پی ڈی ایم جو مرضی کرلے جیت نہیں سکتی.
اپنے بیرونی آقاﺅں کو جتنی مرضی خدمت کرلو یہ میچ تم جیت نہیں سکتے،کل سے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ شروع کررہاہوں،جلسے بھی کروں سیلا ب متاثرین کے پاس بھی جاﺅں گا، اپنی قوم کو حقیقی آزادی کی تحریک کیلئے بھی تیار کررہاہوں۔