بی اے پی کے اندرونی اختلافات میں شدت، استعفوں کی لائن لگ گئی

Balochistan Awami Party
کیپشن: Balochistan Awami Party
سورس: City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان عوامی پارٹی میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے، پارٹی کے ڈویژنل آرگنائزرز نے اپنے استعفے چیف آرگنائزر میر جان محمد جمالی کے حوالے کردئیے، وزیراعلیٰ سے ملنے سے بھی انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو بلوچستان عوامی پارٹی کے چیف آرگنائزر رکن صوبائی اسمبلی میر جان محمد جمالی کی رہائشگاہ پر بلوچستان عوامی پارٹی کے ڈویژنل آرگنائزر ز کا اجلاس ہوا جس میں بی اے پی کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری میر اسماعیل لہڑی، کوئٹہ ڈویژن کے آرگنائزر طاہر محمود خان، قلات ڈویژن کے آرگنائزر سردار نور احمد بنگلزئی، ژوب ڈویژن کے آرگنائزر ڈاکٹر نواز خان ناصر، رخشان ڈویژن کے آرگنائزر میر اعجازسنجرانی،مکران ڈویژن کے آرگنائزر میر عبدالرؤف رند، آرگنائزنگ سیکرٹری ملک خدابخش لانگو، پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر، رابطہ سیکرٹری فتح جمالی، میر زبیر رند سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

 بی اے پی کے ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پارٹی رہنمائوں نے میر جان محمد جمالی کو اپنے تحفظات، گلے شکوؤں سے آگاہ کیا جس پر چیف آرگنائزر نے پارٹی صدر وزیراعلیٰ جام کمال خان کی کوئٹہ آمد کے بعد مسائل ان کے سامنے رکھنے کی پیش کش کی تاہم تمام ڈویژنل آرگنائزرز نے وزیراعلیٰ سے ملاقات سے انکار کرتے ہوئے احتجاجاً اپنے استعفے چیف آرگنائزر میر جان محمد جمالی کے حوالے کردیا اور انہیں فیصلے کا اختیار دے دیا۔

دریں اثناء بلوچستان عوامی پارٹی کے چیف آرگنائزر میر جان محمد جمالی، طاہر محمود خان، میر اعجاز سنجرانی، میر عبدالرؤف رند، ملک خدا بخش لانگو نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کی جس میں صوبائی کی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Sughra Afzal

Content Writer