( سٹی42)90 روز میں انتخابات کے کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات 11 فروری کو کروائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے وکیل نے سپریم کورٹ میں بیان دیا کہ انتخابات 11 فروری کو کروائے جائیں گے، سجیل سواتی نے مزید کہا کہ 30 نومبر تک حلقہ بندیاں مکمل ہو جائیں گی ، جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ آئین کے تحت انتخابات کی تاریخ کا تعین صدر مملکت کرتے ہیں،چیف جسٹس پاکستان نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو ہدایت کی کہ صدر مملکت سے اس معاملے پر مشاورت کی جائے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں 90روز میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی جس میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔ دوران سماعت الیکشن کمیشن حکام، اٹارنی جنرل اور پی ٹی آئی وکیل علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے۔