سٹی 42:آئی سی سی نے بھارت کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق 28 جون کی ڈیڈ لائن دی ہے، بھارت نے ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی پر فیصلے کے لیے ایک ماہ کی مہلت مانگی تھی۔
کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے ٹورنامنٹ کا بھارت میں انعقاد خدشات سے دوچار ہے، یو اے ای ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے مضبوط امیدوار ہے۔ آئی سی سی نے ورلڈ کپ مینجمنٹ کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو متحدہ عرب امارات میں کرانے کی تیاری پر توجہ دیں ، ساتھ میں ایک اور خلیجی ملک کو شامل کرنے کا آپشن بھی رکھا جائے، ایونٹ کی میزبانی کے حقوق بھارت کے پاس ہی ہوں گے تاہم میزبان وینیو کا حتمی فیصلہ اس ماہ کے آخر میں کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں آئی سی سی بورڈ نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اب 20 ٹیمیں ہوں گی جب کہ ون ڈے ورلڈ کپ میں 14 ٹیموں کو شامل کیا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی میں شریک 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں یکساں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیم سپر 8 مرحلے میں جگہ بنائے گی جس کے بعد سیمی فائنل اور فائنل ہوں گے، ورلڈ کپ میں سات، سات ٹیموں کے دو گروپس ہوں گے، تین ،تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔
یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ رواں سال اکتوبر، نومبر میں بھارت میں شیڈول ہے۔