(ویب ڈیسک)دوروز قبل بھارتی نامور اداکاامیتابھ بچن نے اپنے آفیشل بلاگ ’بچن بول‘ پر لکھا تھا کہ ان کی طبیعت خراب ہے، اور ان کی سرجری ہونی ہے اس لئے وہ سوشل میڈیا پر مزید نہیں لکھ پائیں گے۔
ان کے حوالے سے اس خبر پر ان کے مداح شدید پریشان ہو گئے لیکن ان کے مداحوں کے لئے اچھی خبر ہے کہ بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی آنکھوں کا آپریشن ہوگیا ہے اور وہ جلد ہی گھر منتقل ہوجائیں گے۔امیتابھ بچن کے قریبی دوست کے مطابق اداکار آئندہ 24 گھنٹوں میں گھرمنتقل ہوجائیں گے۔
78 سالہ اداکار نے بیماری کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی تھیں کہ آخر انہیں کیا ہوا ہے اور ان کی کون سی سرجری ہونی ہے جس کے باعث مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔
اب ایک بھارتی ویب سائٹ نے امیتابھ بچن کے قریبی دوست کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان کی آنکھوں میں موتیا آگیا تھا اور لیزر سرجری کے ذریعے ان کا موتیا کا آپریشن کرلیا گیا ہے اور وہ آئندہ 24 گھنٹوں میں گھرمنتقل ہوجائیں گے۔
امیتابھ بچن کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ امیتابھ کے لیے موتیا کا آپریشن بچوں کا کھیل ہے اور وہ اس سے قبل صحت کے حوالے سے انتہائی تشویش ناک صورتحال کا سامنا بھی کرچکے ہیں۔