(فاطمہ عارف) سورج اپنے رنگ دکھانے لگا،دھوپ اور گرم ہوائیں چلنے سے شہری نڈھال ہوگئے۔ماہرین کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکا ن نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ 45 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 34 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فضائی آلودگی میں اضافہ ہونے سے عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ایئر کوالٹی انڈیکس 184ریکارڈ کی گئی ہے، فیز 8ڈی ایچ اے 180،سید مراتب علی روڈ پر شرح 204ریکارڈ، شاہراہ قائداعظم 162،یو ایس قونصلیٹ میں شرح 105ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرین کی جانب سے شہریوں کو گرمی سے بچاؤ کیلئےاحتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دوسری جانب شہر قائد میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دروان موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ کیا گیا ہے جبکہ گرمی کی شدت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔مغربی سمت سے 21 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 2 روز تک ہیٹ ویو برقرار رہے گی۔ نمی کا تناسب زائد ہونے سے شہر میں گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے جبکہ 2 جون سے کراچی کا موسم مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے باعث شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم آج گرم جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہنے کے ساتھ گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 50 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا تھا۔ دادو، تربت 49، سبی اور لسبیلہ 48، خیرپور، نورپور تھل، بہاولنگر، بھکر اور موہنجو دڑو47، ڈیرہ غازی خان، خانپور، لاڑکانہ، منڈی بہاؤ الدین، قصور اور اوکاڑہ میں 46 ڈگری رہا جبکہ لاہور، ملتان، جہلم، نوابشاہ میں 45 ڈگری، اسلام آباد، پشاور، حیدر آباد اور چکوال میں 42، مظفر آباد 39، کراچی 36، کوئٹہ 33 اور گلگت میں 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔