مزید 10 ٹرینیں بحال

مزید 10 ٹرینیں بحال
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: پاکستان ریلوے نے مزید 10 مسافر ٹرینیں بحال کردیں۔وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ مزید 10 مسافر ٹرینیں بحال کرنے سے  142 مسافر ٹرینوں میں سے 40 چل پڑی ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ٹرینوں میں تمام حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں،  اسٹیشن کی حدود میں صرف مسافروں کو آنے کی اجازت ہے۔ وزیر اعظم کی اجازت کے بعد چند روز میں مزید ٹرینیں چلائیں گے۔

واضح رہےکہ کورونا وائرس کے باعث ملک میں نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ریلوے نے 28 مئی سے محدود پیمانے پر ٹرین آپریشن شروع کیا تھا جس کے بعد وزیر ریلوے نے یکم جون سے مزید ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا۔

یاد رہے کہ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید نرمی یا سختی؟ آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی  کا اجلاس  سہہ پہر ساڑھے چار بجے ہوگا۔

قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے)، صوبائی اور وزارت صحت کے حکام شریک ہوں گے۔اجلاس میں لاک ڈاؤن میں مزید سختی یا نرمی سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے  اور کورونا وائرس کی وبائی صورتحال، مرض سے بچاؤ کی حکمت عملی پر بات ہوگی۔ 

اس موقع پر کورونا کے مریضوں کے علاج اور طبی سازو سامان کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔اس سے قبل 7 مئی کو ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 9 مئی سے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا اعلان کیا گیا تھا اور وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے 9 مئی سے مرحلہ وار لاک ڈاؤن کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم نے جو فیصلہ کیا وہ تمام صوبوں کے ساتھ مل کر کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو ذمہ داری لینا پڑے گی، اگر اس مشکل مرحلے سے نکلنا ہے تو حکومت ڈنڈے کے زور سے نہیں بولے گی، حکومت اور پولیس کیا کیا کام کرسکتی ہے؟ کیا ہم پکڑ کر لوگوں کو جیلوں میں ڈالیں اور وہاں ٹیسٹ کریں، یہ کوئی بھی حکومت نہیں کرسکتی۔اس کے بعد عید کے موقع پر سپریم کورٹ نے بھی تمام کاروبار اور شاپنگ مالز پورے ہفتے کھولنے کا حکم جاری کردیا تھا جس کے بعد تمام کاروبار اور شاپنگ مالز شام 5 بجے تک کھولنے کا اعلان کردیا گیا تھا۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer