احتیاط کریں! اصل بیماری آپ کے ہاتھ میں ہے؟

Diseases due to Mobile Phone
کیپشن: File Photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: آپ کی ایسی غفلت جو آپ کو  نزلہ زکام یا ایسی ہی دیگر عام موسمی بیماریوں میں مبتلا کر دیتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق زیادہ تر لوگ سردیوں کے آتے ہی نزلہ زکام کا شکار ہوجاتے ہیں، نزلہ زکام میں مبتلا ہر شخص ہمیشہ ڈاکٹر کے پاس جاتا ہے، دوائی لیتا ہے اور اسی طرح یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے، لیکن کیا ہم نے کبھی یہ سوچا ہے کہ ہم نزلہ زکام جیسی بیماریوں میں کیوں مبتلا ہوجاتے ہیں؟ کیا اس کی وجہ کوئی ایسی غفلت تو  نہیں جس پر ہم توجہ  نہیں  دینا چاہتے۔

اگر آپ نہیں جانتے توجان لیں کہ اس کی وجہ آپ کے ہاتھ میں ہی ہے اور وہ ہے آپ کا اسمارٹ فون۔یہ بات متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی ہے، جہاں کی محمد بن راشد یونیورسٹی آف میڈیسین اینڈ ہیلتھ سائنسز اور آسٹریلیا کی بونڈ یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا کہ اسمارٹ فون اور اسمارٹ واچ کا ہر  وقت ہمارے ہاتھوں میں رہنا ہمیں نزلہ زکام اور دوسری موسمی  بیماریوں میں مبتلا کردیتا ہے، اصل میں موبائل فون میں موجود گرم درجہ حرارت اور ٹچ اسکرین ڈسپلے بہت سے امراض باعث بنتی ہے کیونکہ موبائل فونز جراثیموں کی افزائش کے لیے مثالی ثابت ہوتے ہیں۔

اس کے علاوہ یہ  بات بھی سچ ہے کہ ہم فونز سے دور نہیں رہتے، یہ ہر وقت ہمارے ساتھ ہوتے ہیں اور ہم انہیں ہر جگہ ساتھ لے جاتے ہیں، اسی وجہ سے فونز کا ہر وقت ہمارے ہاتھوں میں رہنا ہمیں نزلہ زکام جیسی  دوسری  بیماریوں میں مبتلا کر دیتا ہے۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہاتھوں کی صفائی کا فائدہ اس صورت میں نہیں ہوتا اگر اسمارٹ فون یا دیگر ڈیوائسز کی صفائی کا خیال نہ رکھا جائے۔

تحقیق کے مطابق صفائی کو یقینی بنانا لوگوں کی صحت کو زیادہ بہتر تحفظ فراہم کرسکتا ہے، اسی لیے فونز کی صفائی کو عادت بنانا اسی طرح ضروری ہے جس طرح ہم ہاتھوں کی صفائی کا خیال رکھتے ہیں۔

اس تحقیق میں ایک طبی مرکز کے عملے کو شامل کرکے ان کے موبائل فونز اور اسمارٹ واچز کے نمونوں کی جانچ پڑتال کی گئی تھی، ان افراد کے ہاتھوں کا جائزہ بھی میٹا جینومکس سیکونسنگ ٹیکنالوجی سے لیا گیا تھا، تحقیق سے حاصل ہونے والے نتائج سے معلوم ہوا کہ ہاتھوں پر موجود جراثیم موبائل فونز اور اسمارٹ واچز پر بھی موجود ہوتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق کچھ جراثیم ایسے تھے جو ادویات کے خلاف مزاحمت کی صلاحیت رکھتے تھے جبکہ کچھ ڈیوائسز میں تو کورونا وائرس کو بھی دریافت کیا گیا۔ اس حوالے سےمحققین نے بتایا کہ فونز کی اسکرین پر موجود یہ جراثیم لوگوں کی صحت کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں مگر موبائل فونز کی صفائی سے اس خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔

آخر میں ماہرین نے مشورہ دیا کہ اسمارٹ فون کی صفائی کو معمول بنانا ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے sanitisation وائپس کا استعمال کیا جانا چاہیے، اس کے علاوہ چارجنگ کے دوران فون کو صاف کرنے سے گریز کریں۔

Abdullah Nadeem

کنٹینٹ رائٹر