سٹی 42: بالی وڈ اداکار عامر خان نے وقت ضائع ہونے کے باعث موبائل فون کو ہاتھ نہ لگانے کی قسم کھالی۔
عامر خان کا شمار کردار میں ڈھل جانے والے اداکاروں میں ہوتا ہے اور وہ خود کو کردار میں ڈھالنے کیلئے مہینوں مہینوں محنت کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہیں مسٹر پرفیکشنسٹ کہا جاتا ہے۔ عامر خان اس وقت بھی اپنی فلم ’ لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں تاحال انہوں نے بریک لیا ہوا ہے اور اپنے دوست کی فلم کے ایک گیت کی راجستھان میں ریکارڈنگ کررہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق عامر خان کو فلموں کی شوٹنگ کے دوران موبائل فون دیکھنا پڑتا تھا جس کے باعث عامر نے اپنی نئی آنے والی فلم ’ لال سنگھ چڈھا‘ کی ریلیز تک موبائل فون کو ہاتھ نہ لگانے کی قسم کھالی ہے۔ عامر خان کو محسوس ہوتا ہے کہ فون مسلسل ان کے کام میں خلل پیدا کررہا ہے جبکہ انہوں نے موبائل فون استعمال نہ کرنے کا فیصلہ ذاتی زندگی میں بھی کرلیا ہے اور رشتے داروں اور گھر والوں کو بھی منیجر سے رابطے کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ فلم ’ لال سنگھ چڈھا‘ کی ریلیز تک عامر خان کے سوشل میڈیا کاؤنٹس بھی ان کی ٹیم سنبھالے گی۔
یاد رہے کہ عامر خان کی فلم ’ لال سنگھ چڈھا‘ رواں سال کرسمس پر ریلیز کی جائے گی جس میں ان کے مدمقابل کرینہ کپور نظر آئیں گی۔