(ویب ڈیسک) پنجاب میں سینیٹ انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں،پنجاب اسمبلی کے ایوان کو پولنگ سٹیشن قرار دیا گیا ہے، پولنگ کل صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہو گی جبکہ صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز چوہان سینیٹ انتخاب میں ریٹرننگ آفیسر کے فرائض سرانجام دیں گے۔
پنجاب میں کل سینیٹ کے لئے3 کیٹگریز کے لئے انتخاب ہو گا، پنجاب میں خواتین کی 2، ٹیکنوکریٹ کی 2 اور ایک اقلیتی نشست کے لئے ووٹنگ ہو گی جبکہ پنجاب میں جنرل نشستوں پر 7 سینیٹرز بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں،خواتین کی نشست پر مسلم لیگ ن کی انوشہ رحمن، بشریٰ انجم بٹ امیدوار ہیں جبکہ خواتین نشست پر پیپلز پارٹی کی فائزہ ملک اور سنی اتحاد کونسل کی صنم جاوید امیدوار ہیں۔
ٹیکنو کریٹ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے محمد اورنگزیب اور مصدق ملک امیدوار ہیں جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر سنی اتحاد کونسل کی ڈاکٹر یاسمین راشد امیدوار ہیں۔
اقلیت کی نشست پر مسلم لیگ ن کے خلیل طاہر سندھو اور سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق امیدوار ہیں جبکہ جنرل نشستوں پر سید محسن نقوی، پرویز رشید،احد چیمہ، ناصر بٹ، طلا ل چودھری، حامد خان ایڈووکیٹ، علامہ راجہ ناصر عباس بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔