(سٹی 42) کورونا کی دوسری لہر کے دوران کیسز اور اموات میں اضافہ ہونے لگا، آئی جی ریلوے پولیس کیپٹن (ر) عارف نواز بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔
کورونا وائرس کے حملوں میں پھر تیزی آگئی، پاکستان میں گزشتہ ایک روز میں 11 افراد جان کی بازی ہارگئے، 807 نئے کیسزرپورٹ ہوئے، ایکٹیو کیسز 12 ہزار 121 تک پہنچ گئے، آئی جی ریلوے پولیس کیپٹن(ر) عارف نواز بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، عارف نواز نے کورونا رپورٹ مثبت آنے پر خود کو قرنطینہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث آئی جی ریلوے آج ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے اعلی سطحی اجلاس میں شریک نہیں ہونگے، ان کی جگہ پر ڈی آئی جی آپریشنز ریلوے شہزاد اکبر میٹنگ میں شریک ہونگے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرکے اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 21ہزار 688 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 807 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار993 تک پہنچ گئی، سندھ 1لاکھ 45 ہزار 475 کے ساتھ سرفہرست ہے ، پنجاب 1لاکھ 4ہزار16 ،خیبرپختونخوا 39 ہزار458 ،اسلام آباد 19ہزار818 اور بلوچستان میں 15ہزار 896 افراد متاثر ہوچکے ہیں ۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ ایک روز میں 11 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد اموت کی مجموعی تعداد 6 ہزار806 ہوگئی، ملک بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت 838 مریض زیرعلاج ہیں جبکہ 100 وینٹی لیٹر پر موجود ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔