( سٹی 42 ) رائیونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا، مختلف علاقوں سے قافلوں کی آمد، غیر ممالک سے مندوبین بھی اجتماع گاہ پہنچ گئے، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سٹی ٹریفک پولیس نے پارکنگ سمیت دیگر انتظامات مکمل کرلیے۔
عالمی تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے کا آغاز امیر جماعت مولانا نذرالرحمان کے بیان سے ہوا جس میں فرزندان اسلام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اجتماع گاہ کو مختلف حلقوں میں تقسیم کیا گیا، بیرون ممالک سے آنے والے شرکاء کا علیحدہ حلقہ بنایا گیا ہے۔ اجتماع میں آنے والے شرکاء کے مطابق وہ دین کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے آتے ہیں، علماء کرام نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں زندگی گزارنے کی ہدایت کرتے ہیں۔
اجتماع گاہ کے شرکاء نے ٹرین حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ اجتماع گاہ کے اطراف میں کئی ایکڑز پر محیط پارکنگ سٹینڈ بھی بنائے گئے جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے ٹریفک وارڈنز کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔