علمائے کرام کا حکومت سے فوری مدارس کھولنے کا مطالبہ

علمائے کرام کا حکومت سے فوری مدارس کھولنے کا مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شاہد ندیم سپرا) وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے حکومت سے کورونا وائرس کی وجہ سے بند ہونے والے مدارس کو حفاظتی تدابیر کی روشنی میں کھولنے کا مطالبہ کر دیا۔

جامعہ اشرفیہ میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سینئر رہنما مولانا قاضی عبدالرشید نے مہتمم اعلیٰ جامعہ اشرفیہ حافظ فضل الرحیم اشرفی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، ان کا کہنا تھا کہ مشاورتی اجلاس میں 2 جون سےمدارس میں داخلے اور 12 جون سے کلاسوں کے آغاز کی تجویز دی گئی ہے، تاہم حتمی فیصلہ وفاق المدارس العربیہ اور اتحاد تنظیمات مدارس کی قیادت کرے گی۔

مولانا قاضی عبدالرشید نے کہا کہ اجلاس میں پرائیویٹ سکولز سے مل کر حکومت پر دباؤ بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، تبلیغی مراکز کھلوانے اور تبلیغی جماعت کی سرگرمیاں شروع کرانے میں معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاپنگ مالز، ٹرانسپورٹ، بازار، سبزی منڈیاں اور نادرا کے دفاتر کھل سکتے ہیں تو مدارس کیوں نہیں کھولے جاسکتے، صدر مملکت کےساتھ تیار کردہ 20 نکاتی ایس او پیز پر کسی شعبہ نے عمل نہیں کیا، صرف مساجد میں عمل کیا گیا، مذہبی طبقے کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، مدارس کو مزید بند رکھنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

دوسری جانب پاکستان علماء کونسل نے کورونا وائرس کی وجہ سے بند ہونے والے مدارس کو کھولنے کے لیے حکومتی سطح پر مذاکراتی عمل شروع کرنے کا مطالبہ کردیا۔

پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہراشرفی نے کہا کہ مدارس کو کھولنے کے لیے حکومت مذاکراتی عمل شروع کرے، مدارس نہ کھلنے کی وجہ سے طلبا کا سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، ملک میں ماسک کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، غریب آدمی کیسے خریدے گا۔

انہوں نے حضرت عمر بن عبدالعزیز رضی اللہ تعالی عنہ کی قبر مبارک کی بےحرمتی کی مذمت بھی کی۔

Sughra Afzal

Content Writer