مال روڈ (علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی اور عمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، پنجاب اسمبلی کے آئندہ بجٹ اجلاس کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کورونا وبا کے باعث طرز زندگی بدل گیا، سماجی طرز عمل میں تبدیلی کیلئے نئے قوانین متعارف کرانا ہوں گے، پنجاب حکومت امتناع وباء آرڈیننس متعارف کراچکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آرڈیننس کا مقصد وباء کے دوران حکومتی اقدامات پر موثر عملدرآمد یقینی بنانا ہے، پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے امتناع وباء آرڈیننس کا اجراء کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس بھی ہوا تھا،جس میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیاگیاتھا، اجلاس کے شرکاء نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کیلئے تجاویز اور سفارشات پیش کیں اور پنجاب میں ایس او پیز کے مطابق مختلف اداروں کو کھولنے کے لئے وفاق کو سفارشات پیش کرنے پر اتفاق کیا ۔
اجلاس میں طے کیا گیاکہ مقامی طو رپر وینٹی لیٹر اور ریسپارائٹرکی تیاری کی اجازت کے لئے ڈریپ سے رجوع کیاجائے گا۔پارکس کھولنے کی تجویز کا جائزہ ،حتمی فیصلہ این سی اوسی کرے گا۔ تجارتی اداروں کے نئے اوقات کار اور 2دن تعطیل کا فیصلہ بھی این سی او سی کرے گا۔ میو اورجناح ہسپتال میں پلازما ڈونرز کی فہرستوں کی تیاری شروع کر دی گئی۔
واضح رہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعدلاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز، قیدی، بچے ،بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں، لاہورمیں77 روز میں وائرس سے 174 اموات، مریض 11 ہزار 260 ہوگئے،پنجاب بھر میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 29 اموات اور 1140 نئے کیس مجموعی طور پر صوبے میں جاں بحق افراد 429 اور پازیٹو کیسز 24 ہزار سے زائد ہو گئے۔