مال روڈ (علی اکبر ) لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی، ملک میں کورونا سے مزید 78 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1443 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا مریضوں کی تعداد 68301 تک پہنچ گئی، پیپلز پارٹی نے ملک میں ہیلتھ ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ کردیا۔
پنجاب کا دارالحکومت لاہور کورونا وائرس کا سب سے بڑا مرکز بن گیا، لاہور میں77 روز میں وائرس سے 174 اموات، کورونا مریض 11 ہزار 260 ہو گئے، پنجاب بھر میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 29 اموات اور 1140 نئے کیس سامنے آگئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 429 اور کورونا کیسز 24 ہزار سے زائد ہو گئے۔
کورونا کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر گھر سے باہر نکلنے کیلئے ماسک پہننا ضروری قرار دے دیا گیا، لاہور سمیت صوبہ بھر میں منہ اور ناک ڈھا نپنے کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا، پنجاب حکومت نے انسداد کورونا کےایس اوپیز پر عملدرآمد کےلیے سخت اقدامات کا فیصلہ بھی کرلیا،ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کو جرمانہ کرنے کی تجویز دے دی گئی، تجویز میں کہا گیا ہے کہ ماسک نہ پہننے والوں کو جرمانہ کیا جائے،گاڑی، موٹر سائیکل سواروں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے کیے جائیں، جبکہ جرمانہ کی حد 5 سو روپےمقرر کی جانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاق سے 1500 وینٹی لیٹرز فراہم کرنے کی درخواست کی جائے گی تاکہ کورونا کے کسی مریض کو سرکاری ہسپتال میں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ ہو، کابینہ کمیٹی نے پنجاب پبلک سروس کمیشن میں ایس او پیز کے تحت ایک ہزار لیڈی ڈاکٹرز کے انٹرویوزکی اجازت بھی دیدی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنا کر تحریری امتحان اور انٹرویوز لے سکے گا تاہم این سی او سی کو پنجاب پبلک سروس کمیشن انٹرویوز کی اجازت کے فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔
طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔