پنجاب پولیس کی سینئیر قیادت کن کن کی شامت لائے گی، فیصلہ ہو گیا

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب پولیس کی ہرارکی کے اہم اجلاس میں  پنجاب بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن ، سمگلنگ، غیر ملکی باشندوں کی سکیورٹی اور دیگر اہم امور پر  اہم فیصلے کئے گئے۔

  پنجاب پولیس کے انسپکٹر جنرل   ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں تمام ریجنل پولیس آفیسرز، سی پی اوز، ڈی پی اوز  نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

چینی باشندوں کی سکیورٹی

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چینی باشندوں کی آمد و رفت کے روٹس کو محفوظ بنانے، ان کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے بتایا کہ  چینی باشندوں کی سکیورٹی مزید سخت، آمدورفت کے روٹس کو محفوظ بنایا گیا ہے۔ 

بجلی چوری کے مقدمے، گرفتاریاں، چالان پولیس کی پہلی ترجیح

ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کے تمام افسروں کو ہدایت کی کہ وہ  بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون تیز کرنے میں متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

بجلی چوری کی ایف آئی آرز فوری  طور پر درج کی جائیں۔  بجلی چوری میں ملوث افراد  کی گرفتاری، بجلی چوری کے مقدمات کے چالانوں کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل کو یقینی بنائیں۔

چھ ماہ میں بجلی چوروں کے خلاف پنجاب پولیس کی پرفارمنس

 آئی جی پنجاب نے نگران حکومتوں کے دوران بجلی چوری کے خلاف  اپنی فورس کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ  پنجاب پولیس کی بجلی چوروں کے خلاف کارکردگی دیگر صوبوں کی نسبت واضح طور پر بہتر رہی ہے۔  پنجاب پولیس نے 06 ماہ کے دوران بجلی چوروں کے خلاف 83 ہزار 645 مقدمات درج کئے۔ 

بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر نگرانی برھانے کا حکم

 آئی جی پنجاب نے دہشت گردی اور سمگلنگ کے تدارک کے لئے بین الصوبائی پولیس چیک پوسٹوں پر چیکنگ بڑھانے کا حکم دیا۔ 

وزیر اعلٰی نے  کرائم کنٹرول، کچے کے ایریا  میں آپریشن او ر دیگر ٹاسکس پر عملدرآمد کا جائزہ لیا ۔

اجلاس میں پتنگ بازی، منشیات فروشی، موٹر سائیکل چوری، خواتین اور بچوں سے متعلقہ جرائم کی روک تھام کیلئے جاری اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

سیاہ شیشوں والی گاڑیوں، ہوائی فائرنگ پر زیرو ٹالرینس

آئی جی پنجاب  نے انویسٹی گیشن کا معیار، سڑکوں پر ٹریفک کا  بہاؤ بہتر بنانے کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، سیاہ شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنانے کا حکم دیا۔

یوم شہادتِ علی کی سکیورٹی

اجلاس میں یوم شہادت حضرت علی رضی اللہ عنہ کے سکیورٹی انتظامات کا  بھی جائزہ لیا گیا۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ڈی آئی جی سپیشل برانچ فیصل علی راجہ، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اظہر اکرم، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان اکرم، ایس ایس پی ایس پی یو عثمان باجوہ، ایس ایس پی آپریشنز لاہور، اے آئی جی آپریشنز پنجاب اجلاس میں موجود تھے۔