ملک بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام آج اعتکاف بیٹھیں گے  

ملک بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام آج اعتکاف بیٹھیں گے  
کیپشن: File photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) ملک بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام آج اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے۔

رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف کرانے کے انتظامات مکمل،شہر کی جامعات، مدارس، مزارات سمیت مساجد میں ہزاروں افراد اعتکاف بیٹھیں گے۔
محکمہ اوقاف پنجاب کے زیرانتظام متعدد مساجد میں اعتکاف کروایا جائےگا۔  ایگزیکٹو آفیسر نعمان سیفی کے مطابق داتا دربار میں 2200 افراد اعتکاف کریں گے،معتکفین کے سحری و افطاری کے انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف منظور شدہ کارڈ کے حامل افراد کو اعتکاف ہال جانے کی اجازت ہو گی۔
 اسی طرح عالمگیری بادشاہی مسجد میں بھی اعتکاف کروانے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
خطیب بادشاہی مسجد کے مطابق قیام و طعام کی بہترین سہولتیں دیں گے، جامعہ نعیمیہ، فیضان مدینہ سمیت سینکڑوں مقامات پر اعتکاف کروایا جائےگا۔
 واضح رہے کہ اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ٹھہر جانے یا خود کو روک لینے کے ہیں، اس طرح شریعت کی اصطلاح میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت کی غرض سے مسجد میں قیام کرنے کو اعتکاف کہتے ہیں۔یہ عبادت جہاں روح کی پاکیزگی کا باعث ہے وہیں خوش نصیبوں کو لیلۃ القدر بھی مل جاتی ہے۔

عالم اسلام کیساتھ پاکستان بھر کی مساجد میں آج بعد نماز عصر  کے بعد لاکھوں اہل ایمان اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے، اس سلسلے میں ملک بھر کی مساجد میں اعتکاف بیٹھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

اعتکاف کے دوران یہ خوش نصیب مساجد میں قائم اپنے خیموں میں اللہ کے حضور سربسجود رہنے، تلاوت قرآن سے فیض یاب ہونے کے ساتھ عبادات میں مشغول رہیں گے۔

اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے لئے بعض مساجد کی انتظامیہ اور مخیر حضرات کی جانب سے سحری اور افطاری فراہم کرنے کے خصوصی انتظامات بھی کئے جاتے ہیں جبکہ عام طور پر معتکفین کی سحر و افطاری کا ذمہ ان کے اہل خانہ کا ہوتا ہے۔

عید الفطر کا چاند نظر آ جانے کے بعد متعکفین اعتکاف ختم کر کے اپنے گھروں کو جا سکیں گے۔