ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن)کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ 2018 میں عمران خان کو لانے والے بھی آج یہ تسلیم کرتے ہیں کہ فیصلہ غلط تھا،عمران خان بھی آج کہتا ہے کہ اسکو لایا گیا اور پھر بچایا نہیں گیا،عوام آج سوال کرتی ہے کہ 2018 کے الیکشن کیوں چوری کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پی پی 12 کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ آج خراب حالات اس ملک کے ہیں تاریخ میں مثال نہیں ملتی،ان حالات کا ذمہ دار کون ہے؟ عوام کو سب پتہ ہے،جب غلط فیصلے ہونگے تو نتائج بھی غلط ہونگے۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ عمران خان آج عوام کو بتائے اپنے دور حکومت میں ایک فیصلہ جو ملک و قوم کی بہتری کیلئے کیا ہو،عمران خان اگر مزید کچھ دن اقتدار میں رہتا تو سوچ سے زیادہ حالات خراب ہوتے،مسلم لیگ ن حقائق عوام کے سامنے لے کر آئیگی کہ ملک کے ساتھ کیا کیا ظلم ہوا،آج مسلم لیگ ن برسر اقتدار ہے لیکن کیا یہ حالات ہمارے پیدا کردہ ہیں،ہم نے 2018 میں ترقی کرتا پاکستان نگراں حکومت کے حوالے کیا تھا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے حکومت لینے کا فیصلہ کیا اسکی سیاسی قیمت بھی ادا کرنے کو تیار ہیں،سیاسی لیڈر ورکروں کو امتحان میں نہیں ڈالتا خود سامنے آتا ہے،سیاست اب دشمنیوں میں تبدیل ہوچکی ہے اس طرح ملک نہیں چلتے،ان کاکہناتھا کہ مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جو ملک کو ترقی پر ڈال سکتی ہے،نواز شریف کے خلاف فیصلہ دینے والے بھی آج تسلیم کرتے ہیں کہ وہ مجبور تھے،ہمیں بھی عدالتوں میں بلایا گیا ہم تو نہیں روئے۔