شہزاد خان:اکبری منڈی میں خریداری کی صورتحال معمول کیجانب آنا شروع ہوگئی ہے۔ صدر اکبری منڈی اظہر اقبال اعوان کہتے ہیں اکبری منڈی میں آنے والے صارفین نے اب کورونا وائرس کے خوف سے اضافی خریداری کرنا کم کردیا ہے تاہم کورونا سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کیا جارہا ہے.
اکبری منڈی میں اجناس اور اشیائے ضروریہ کی خریداری کیلئے شہریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے تاہم شہریوں نے اب اجناس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی ضرورت سے زائد خریداری کو ترک کردیا ہے۔ صدر اظہر اقبال اعوان کا کہنا ہے کہ خوش آئند بات یہ ہے اکبری منڈی میں خریداری کی صورتحال معمول کے مطابق ہونا شروع ہوگی ہے ،تاہم اکبری منڈی میں خریداری کی غرض سے آنے والے شہری کورونا وائرس سے بچاو کی احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کررہے ہیں۔
کورونا وائرس کی منتقلی سے بچاو کیلئے دوسرے شخص سے فاصلے اور ماسک پہننے کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ اظہر اقبال اعوان نے کہا کہ شہری کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے حکومت کا مکمل ساتھ دیں صرف اسی صورت اس مہلک وبا کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا.