( فخر امام ) واردات کے بعد فرار ہونے کی کوشش کرنیوالے ڈاکو نے پولیس کے آنے پر خود کو گولی مارلی، تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈکیتی، قتل اور چوری جیسے واقعات میں کمی کی بجائے اضافہ ہورہا ہے، ایسے واقعات پر قابو پانے کے لئے سکیورٹی اداروں کی جانب سے تو بہت دعوے کیے جارہے ہیں، وقتی طور پر کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے مگر چند روز کے بعد حالات پھر پہلے جیسے ہوجاتے ہیں۔
پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار 2 ڈاکووں نے بنک سے رقم نکلوانے والے شہری کو لوٹنے سمیت 2 وارداتیں کیں۔ اطلاع ملتے ہی ڈولفن پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا۔ پولیس کے پیچھا کرنے پر ملزمان موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
ایک ڈاکو نے گلشن راوی میں مقدس بلاک کے ایک گھر میں زبردستی داخل ہوکر چھت پر پانی والی ٹینکی میں پناہ لے لی۔ بعد ازاں ڈاکو نے پکڑے جانے کے خوف سے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر ہلاک کر لیا۔
دوسرا ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔