امریکی پولیس کا مسلمان نوجوان پر بہیمانہ تشدد، ویڈیو وائرل

US police
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: امریکی ریاست الینوائے میں پولیس گردی کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا، تین پولیس اہل کاروں نے ایک مسلمان لڑکے کو پکڑ کر بے دردی سے پیٹ کر شدید زخمی کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق  الینوائے کے علاقے اوک لان میں پولیس اہل کاروں نے مسلمان نوجوان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، 17 سالہ ہادی ابو عطیلہ کو زمین پر الٹا لٹا کر 3 اہل کاروں نے خوب پیٹا۔

واقعے کی ایک راہگیر نے ویڈیو بنا لی، جو وائرل ہو گئی ہے، ویڈیو میں اہل کاروں کو مسلم لڑکے کو زمین پر لٹائے بے دردی سے مکے برساتے دیکھا جا سکتا ہے۔

تشدد کی ویڈیو وائر ل ہوئی تو پولیس نے وضاحت دی کہ ہادی کے پاس گن تھی، ہادی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے بہیمانہ تشدد کے واقعے کے خلاف مسلم تنظیمیں سراپا احتجاج بن گئی ہیں۔

28 جولائی کو پریس کانفرنس میں اوک لان پولیس نے کہا کہ انھوں نے لائسنس پلیٹ کے بغیر جانے والی ایک کار کو روکا، گاڑی کے اندر سے بھنگ کی بو بھی آ رہی تھی، پولیس نے ڈرائیور کو گاڑی سے باہر آنے کو کہا، ڈرائیور نے اس کی تعمیل کی، لیکن ابو عطیلہ، جو کار میں سوار تھا، مبینہ طور پر بھاگ گیا۔

نیوز ویک کے مطابق مسلمان لڑکے ہادی کے وکیل زید عبداللہ کا کہنا ہے کہ ابو عطیلہ برج ویو، الینوائے میں ایک ہائی اسکول کا سینئر طالب علم ہے، جو حجام بننے کی تربیت لے رہا ہے۔

عبداللہ نے کہا کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا واقعے کے وقت ان کے مؤکل کے پاس گن تھی، تاہم یہ تو واضح ہے کہ ہادی نے کسی پر کوئی گن نہیں تانی تھی۔اوک لان پولیس ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ بدھ کے واقعے کی اندرونی تحقیقات کی جا رہی ہے۔